خبریں

تہاڑ جیل کی خاتون قیدی نے کانسٹبل پر لگایا ریپ کا الزام، مقدمہ درج

خاتون قیدی کا الزام ہے کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر تین اگست کو نندن کانن ایکسپریس کے سلیپر کوچ میں اس وقت ہوا، جب ان کو مغربی بنگال کے مرشدآباد سے عدالتی شنوائی کے بعد دہلی لایا جا رہا تھا۔

تہاڑ جیل دہلی(فوٹو : رائٹرس)

تہاڑ جیل دہلی(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: دہلی کی تہاڑ جیل کی ایک خاتون قیدی نے دہلی پولیس کے ایک کانسٹبل پر ریپ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، خاتون قیدی کا الزام ہے کہ اس مہینے کی شروعات میں اس کو عدالتی شنوائی کے بعد مغربی بنگال سے دہلی لایا جا رہا تھا، جہاں اس کی حفاظت میں تعینات دہلی پولیس کے کانسٹبل میں سے ایک نے ٹرین کے ٹوائلٹ میں اس سے ریپ کیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ تین اگست کو نندن کانن ایکسپریس کے سلیپر کوچ میں ہوا۔ خاتون قیدی نے اگلے دن تہاڑ جیل کے ڈاکٹر کو اس واقعہ کی جانکاری دی۔ملزم کانسٹبل دہلی آرمڈ پولیس (ڈی اے پی) کا جوان ہے، جو دہلی پولیس کی ونگ ہے، جو عدالتی سماعتوں کے لئے قیدیوں کو لاتی اور لے جاتی ہے۔ ایک ہیڈ کانسٹبل اور دو خاتون کانسٹبل اس قیدی کو سماعت کے لئے مغربی بنگال لےکر گئے تھے۔

تہاڑ جیل کے ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ خاتون قیدی نے اتوار کی دوپہر کو جیل کے ڈاکٹر کو اس کی جانکاری دی، جس کے بعد ان کو میڈیکل جانچ کے لئے سرکاری ہاسپٹل لے جایا گیا۔ جانچ میں ریپ کی تصدیق ہو گئی۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ڈی سی پی (ریلوے) دنیش کمار گپتا نے کہا، ‘ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر ہم نے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور تفتیش جاری ہے۔ ‘

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے خلاف دہلی اور مغربی بنگال میں اغوا کے دو معاملے درج ہیں۔سینئر پولیس افسر نے بتایا، ‘ خاتون کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تین اگست کو رات تقریباً 1.30 بجے کے آس پاس ہوا۔ خاتون نے پولیس اہلکاروں سے ٹوائلٹ جانے کی بات کہی، کیونکہ خاتون پولیس اہلکار سو رہی تھیں تو مرد پولیس اہلکار ان کے ساتھ ٹوائلٹ تک گیا۔ ‘

خاتون کا الزام ہے کہ وہ ٹوائلٹ میں تھی کہ تبھی ہیڈ کانسٹبل اندر گھس آیا اور اس کے ساتھ ریپ کیا۔ خاتون نے بتایا کہ ملزم نے اس کو یہ بات کسی کو نہ بتانے کی دھمکی بھی دی۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔