خبریں

جموں و کشمیر: سی آر پی ایف کی ہیلپ لائن سروس پر آئے بڑی تعداد میں ملک و بیرون ملک سے فون

ریاست میں فون اور انٹرنیٹ خدمات بند ہونے کی وجہ سے اتوار کو سی آر پی ایف کے ذریعے ہیلپ لائن سروس ’مددگار ‘ شروع کی گئی ہے، جس پر دو دنوں میں 870 سے زیادہ کال آئی  ہیں، جن میں بڑی تعداد وادی میں تعینات حفاظتی دستوں کے رشتہ داروں کی بھی ہے۔

(فوٹو : پی ٹی آئی)

(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سرینگر میں سی آر پی ایف کی ہیلپ لائن سروس ‘ مددگار ‘ پر گزشتہ اتوار کی رات سے کافی تعداد میں فون آ رہے ہیں۔ ملک و بیرون ملک سے تمام کشمیری اپنے رشتہ داروں اور گھر کے آس پاس کے علاقوں کے حالات جاننے کے لئے لگاتار وہاں فون کر رہے ہیں۔افسروں نے سوموار کو بتایا کہ مددگار ہیلپ لائن نمبر ‘ 14411 ‘ پر اتوار اور سوموار، دو دن میں 870 سے زیادہ کال آئی  ہیں اور 55 فیصد سے زیادہ لوگ اپنی فیملی کی خیریت  جاننا چاہتے تھے۔

غور طلب ہے کہ آرٹیکل 370 کے زیادہ تر اہتمام رد کئے جانے کے بعد ریاست میں کمیونی کیشن پر روک ہونے کی وجہ سے کئی دن ٹھپ رہنے کے بعد ‘ مددگار ‘ ہیلپ لائن اتوار رات کو شروع کی گئی۔سوموار شام تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ہیلپ لائن پر ملک کے دیگر حصوں اور غیر ممالک میں رہنے والے کشمیری کے 470 سے زیادہ فون کال آئے ہیں۔ وہ سبھی اپنے ماں باپ، رشتہ دار اور اپنے گھروں کی حالت جاننے کے لئے بے چین  تھے۔

افسروں نے بتایا کہ ان میں سے کئی لوگوں نے اپنے فیملی والوں سے بات کرنے کی خواہش ظاہر اور ہیلپ لائن پر موجود سی آر پی ایف ملازمین‎ سے اس کے لئے مدد مانگی۔اعداد و شمار کے مطابق، ہیلپ لائن پر یواےائی سے 17، سعودی عرب سے 11، امریکہ اور روس سے تین-تین، اسرائیل سے پانچ، سنگاپور سے چار، فرانس سے دو، آسٹریلیا، کویت، بیلجیم سے ایک ایک فون کال آئے تھے۔

برٹن اور کناڈا سمیت دیگر ممالک سے بھی فون کال آئے تھے۔ کشمیر وادی میں تعینات حفاظتی دستوں کے رشتہ داروں کے بھی تقریباً 200 فون کال آئے تھے۔اس ہیلپ لائن کو پھر سے شروع کرنے کا مقصد ہے کہ جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کے مرکز کے فیصلے کے بعد پیدا ہوئے حالات کی وجہ سے مشکلوں کا سامنا کر رہے لوگوں اور ان کی فیملیوں کی مدد کی جا سکے۔

افسروں نے بتایا کہ ‘ مددگار ‘ ہیلپ لائن کے پانچ نمبر والے لینڈلائن نمبر کو پھر سے جاری کر دیا گیا ہے۔ کشمیر وادی میں کمیونیکیشن سسٹم پر لگائی گئی بندشوں کی وجہ سے اس کو بند کر دیا گیا تھا۔ایک سرکاری ٹوئٹ میں سی آر پی ایف نے کہا، ‘ 14411 پھر سے جاری کر دیا گیا ہے۔ کشمیری طلبا اور کشمیر یا باہر رہ رہے عام لوگ فوری مدد کے لئے چوبیسوں گھنٹے مفت نمبر 14411 پر سی آر پی ایف مددگار سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ‘

سی آر پی ایف نے یہ بھی کہا کہ اس کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل ‘ سی آر پی ایف مددگار ‘ کے ذریعے بھی مدد مانگی جا سکتی ہے۔ سی آر پی ایف نے ‘ مددگار ‘ ہیلپ لائن کی شروعات جون 2017 میں کی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کےساتھ)