خبریں

پاکستان نے ہندوستانی فن کاروں کو دکھانے والے اشتہارات پر پابندی لگائی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیشن نے ہندوستانی مصنوعات اور ہندوستانی فن کاروں والے اشتہارات پر پابندی لگانے کے ساتھ ہندوستانی فلموں کی فروخت پر روک لگادی ہے۔ کئی دکانوں میں چھاپے مار کر ہندوستانی فلموں کی سی ڈی ضبط کی گئی ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : پاکستان کی الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پاکستان الیکٹرانک ذرائع ابلاغ انضباطی اختیار، پیمرا) نے ہندوستانی فن کاروں کو دکھانے والے اشتہارات پر پابندی لگادی ہے۔ پاکستان نے یہ قدم ہندوستان کے ذریعے جموں وکشمیر کے خصوصی درجہ کو ختم کیے جانے کی مخالفت میں اٹھایا ہے۔

پیمرانے 14 اگست کو ایک خط جاری کرتے ہوئے پابندی کا اعلان کیا ہے ۔ ریگولیٹری نے کہا کہ ڈیٹال شاپ ، شرف ایکسل ، پینٹن شیمپو، ہیڈ اینڈ شولڈر شیمپو، لائف بوائے ، فاگ باڈی اسپرے ، سن سلک شیمپو، نار نوڈلس، فیئر اینڈ لولی جیسی مصنوعات کے اشتہارات پر پابندی لگادی  گئی ہے۔

آج تک کے مطابق، پیمرا کے خط میں کہا گیا ہے ، ایسا دیکھا گیا ہے کہ کئی ملٹی نیشنل مصنوعات ، جو ہندوستان میں بنتے ہیں یا پھر جن میں ہندوستانی فن کار ہوتے ہیں ، ان کے اشتہارات اب بھی پاکستانی الیکٹرانک میڈیا پر نشر ہورہے ہیں ۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کی 14 اگست (پاکستان کی آزادی کا دن) یعنی یوم آزادی کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا اور ہندوستانی فن کاروں والے اشتہارات اس حکمت عملی کے بالکل برعکس تھے ۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان مصنوعات کے دوسرے اشتہارات کا استعمال کیا جاسکتا ہے ، جس میں ہندوستانی فن کار نہ ہو۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو اس کو ہدایت نامہ کی خلاف وزری سمجھا جائے گا۔

پاکستان کے وزیر اعظم کے اسپیشل انفارمیشن اسسٹنٹ فردوس عاشق ایوان کے حوالے سے پاکستانی میڈیا نے یہ بتایا کہ انہوں نے ہندوستانی اشتہارات پر پابندی لگائی ہے ،ساتھ ہی ہندوستانی فلموں کی فروخت پر بھی روک لگائی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے سی ڈی بیچنے والوں  کی دکانوں پر چھاپے ماری شروع کی گئی ہے تاکہ ہندوستانی فلموں کو ضبط کیا جاسکے ۔

خبررساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق، ایوان نے جمعرات کو کہا کہ ، ہم نے ہندوستانی فلموں پر روک لگانے کے لیے سی ڈی کی دکانوں پر کارروائی شروع کر دی ہے ۔ اسلام آباد میں شروع ہوئی یہ کارروائی جلد ہی ملک کے باقی حصوں میں بھی کی جائے گی ۔اس سے پہلے پاکستان نے ہندوستانی فلموں کی اسکریننگ پر روک لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اب سے پاکستان کے سنیما گھروں میں بالی ووڈ فلمیں نہیں دکھائی جائیں گی ۔وہیں  پاکستان کے بالاکوٹ میں ہندوستانی فضائیہ(آئی اے ایف)کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کئے گئے حملے کے بعد حکومت پاکستان نے پاکستان میں ہندوستانی فلموں پر پابندی لگا دی تھی۔پاکستان حکومت نے  کہا تھا کہ ہندوستان کی کوئی بھی فلم اب پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی۔پاکستان کے اطلاعات و نشریات کے وزیر چودھری فواد حسین نے کہا کہ پاکستانی Cinema Exhibitors Association ہندوستانی فلموں کا بائیکاٹ کرے‌گا۔انہوں نے کہا تھاکہ ہندوستان میں بنے اشتہارات پر بھی روک لگانے کے لئے پاکستان الکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پی ای ایم آر اے) کو ہدایت دی گئی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)