خبریں

سی بی آئی نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سابق وزیر خزانہ چدمبرم کو ان کے گھر سے گرفتار کیا

آئی این ایکس میڈیا معاملے میں دہلی ہائی کورٹ سے پیشگی ضمانت عرضی خارج ہونے کے بعد سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو سی بی آئی نے بدھ کو دیر رات ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ اس سے پہلے کانگریس ہیڈکوارٹر پر ایک پریس کانفرنس کرکے چدمبرم نے دعویٰ کیا کہ وہ قانون سے بھاگ نہیں رہے ہیں اور ان کے خلاف لگائے گئے الزام جھوٹے ہیں۔

بدھ کو دیر رات سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو ان کے گھر سے گرفتار کرکے لے جاتی سی بی آئی (فوٹو : پی ٹی آئی)

بدھ کو دیر رات سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو ان کے گھر سے گرفتار کرکے لے جاتی سی بی آئی (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سی بی آئی نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا سے متعلق معاملے میں  بدھ کی رات کو گرفتار کر لیا۔ ایجنسی کے افسروں نے یہ جانکاری دی۔ایجنسی کے افسر سابق وزیر خزانہ کو ان کی رہائش گاہ سے سی بی آئی کے ہیڈکوارٹر لے گئے۔ اس سے پہلے چدمبرم کانگریس ہیڈکوارٹر میں میڈیا کو خطاب کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔

سی بی آئی کے افسروں کی ٹیم دہلی پولیس کے افسروں کے ساتھ زور باغ واقع چدمبرم کی رہائش گاہ پر پہنچی۔ کچھ دیر دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد افسروں نے احاطے کی دیوار پھاند‌ کر گھر میں داخل ہوئے۔

ایجنسی کے ایک سینئر افسر نے بتایا، ‘ پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا معاملے کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ‘سی بی آئی کے ایک ترجمان نے کہا کہ چدمبرم کو ایک اہل  عدالت کے ذریعے جاری وارنٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چدمبرم کو ان کی رہائش گاہ پر گرفتار کرنے کے بعد رام منوہر لوہیا ہاسپٹل لے جا گیا جہاں ان کی میڈیکل جانچ کرائی گئی۔

ذرائع کے مطابق، چدمبرم کو سی بی آئی ہیڈکوارٹر کے گراؤنڈ فلور پر ایجنسی کے گیسٹ ہاؤس کے سوئٹ نمبر 5 میں رکھا گیا ہے۔ ان کو جمعرات کو خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش کیا جائے‌گا جہاں ایجنسی ان کی ریمانڈ کی مانگ کرے‌گی۔چدمبرم بدھ کی شام اچانک کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے تھے، جہاں انہوں نے رات سوا آٹھ بجے میڈیا کو خطاب کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ قانون سے ‘ بھاگ ‘ نہیں رہے ہیں اور ان کے خلاف لگائے گئے الزام ‘ جھوٹے ‘ ہیں۔اس دوران ان کے ساتھ کانگریس کے سینئر رہنما احمد پٹیل، کپل سبل، سلمان خورشید اور ابھیشیک منو سنگھوی بھی موجود تھے۔

پریس کانفرنس میں چدمبرم نے کہا تھا، ‘ میں جینے اور آزادی کے حقوق میں سے آزادی کا حق چنوں‌گا۔ مجھے جمہوریت میں بھروسہ ہے۔ ‘انہوں نے کہا کہ پچھلے 48 گھنٹوں میں جو ہوا ہے اس سے ملک میں غلط پیغام گیا ہے۔ پچھلے کئی دنوں سے میرے بارے میں غلط فہمی پھیلائی جا رہی ہے۔ مجھے حیرت ہے کہ لوگ مجھے فرار بتا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نظریہ پیدا کیا جا رہا ہے کہ بڑا جرم ہوا ہے اور ان کے اور ان کے بیٹے نے جرم کیا ہے۔ یہ سب جھوٹ ہے۔

انہوں نے کہا، ‘ آئی این ایکس میڈیا گھوٹالہ میں ملزم نہیں ہوں، میری فیملی کا کوئی بھی ممبر اس معاملے میں ابھی تک ملزم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی اور ای ڈی نے ایسی کوئی چارج شیٹ نہیں داخل کی ہے جس میں میرا نام ہو۔ ‘انہوں نے مزید کہا، ‘ میرے بارے میں پھیلائی گئیں تمام باتیں پوری طرح جھوٹی ہیں۔ پچھلے 13-14 مہینوں سے مجھے عبوری ضمانت دی گئی تھی۔ گزشتہ دنوں ہائی کورٹ نے میری پیشگی ضمانت عرضی خارج کر دی ہے۔ میں سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فوراً میری عرضی پر سماعت کرے اور مجھے عبوری ضمانت دی جائے۔ ‘

سابق وزیر خزانہ نے کہا، ‘ میں قانون سے بچ نہیں رہا تھا، قانونی بچاؤ کی کوشش کر رہا تھا۔ میں عدالت کے حکم کا احترام کرتا ہوں۔ میں قانون پر عمل کروں‌گا۔ میں صرف یہی امید کروں‌گا کہ جانچ ایجنسیاں  بھی قانون کا احترام کریں‌گی۔ ‘

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)