خبریں

پی وی سندھو ورلڈ بیڈ منٹن چیمپین شپ میں گولڈ جیتنے والی پہلی ہندوستانی بنیں

ورلڈ بیڈ منٹن چیمپین شپ میں سندھو کا یہ پانچواں میڈل ہے۔ سندھو نے دو برونز میڈل  کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پچھلے دو سیشن میں دو سلور میڈل بھی حاصل کیا ہے۔

پی وی سندھو(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

پی وی سندھو(فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: پی وی سندھو  گزشتہ  اتوار کو سوئٹزرلینڈ کے باسیل میں چل رہی ورلڈ بیڈ منٹن چیمپین شپ کے یکطرفہ فائنل میں جاپان کی حریف نوجومی اوکوہارا کو ہراکر گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن گئیں۔فائنل میں ریو اولمپکس میں سلور میڈل  جیتنے والی ہندوستانی کھلاڑی سندھو نے 38 منٹ میں 21-7 21-7 سےآسان جیت درج  کی۔سندھو نے اس کے ساتھ ہی دو سال پہلے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں اوکوہارا سے ملی ہار کا بدلہ بھی لے لیا۔

 ورلڈ چیمپین شپ میں سندھو کا یہ پانچواں میڈل ہے۔میڈل کی تعداد کے معاملے میں سندھو نے چین کی سابق اولمپک چیمپین جھانگ ننگ کے ریکارڈ کی برابری کی۔ سندھو نے دو برونز میڈل کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پچھلے دو سیشن میں دو سلور میڈل بھی حاصل کیا ہے۔

فائنل میں جیت‌کے بعد دی  ہندو سے بات چیت میں سندھو نے کہا، ‘ایمانداری سے کہوں تو اوکوہارا کے مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے میرا اندازہ تھا کہ مقابلہ لمبا چلنے والا ہے۔ یقینی طور پر کوریائی کوچ کم جی جئیون اور گوپی سر (پولیلا گوپی چند) کی رہنمائی اور مشورےکا اس جیت میں بڑا رول ہے۔ ‘انہوں نے کہا، ‘ فائنل مقابلے میں کورٹ میں داخل ہونے سے پہلے میں نے کوئی دباؤ محسوس نہیں کیا۔ میں اپنا بہترین شاٹ دینا چاہتی تھی اور جب فائنل مقابلہ شروع ہوا تب اس بات کو لےکر پریشان نہیں تھی کہ جیتوں‌گی یا ہاروں‌گی۔ ‘

اس سے پہلے ہندوستان کی اسٹار شٹلر پی وی سندھو نے چین کی چین یو فیئی کو 21-7 اور 21-14 سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ واضح ہو کہ سندھو لگاتار تیسری بار اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں حالانکہ اس سے پہلے کے دو فائنل مقابلوں میں ان کو ہار کا منھ دیکھنا پڑا تھا۔سال 2018 میں ان کو اسپین کی کیرولینا مرین اور 2017 میں جاپان کی نوجومی اوکوہارا نے خطابی مقابلے میں شکست دی تھی۔

دریں اثناصدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پی وی سندھو کو ورلڈ بیڈ منٹن چیمپین شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ ان کی لگن  لوگوں کو حوصلہ دے گی۔

صدر نے ٹوئٹ کیا، ‘ بی ڈبلیو ایف ورلڈ چیمپین شپ جیتنے پر مبارکباد پی وی سندھو۔ یہ پورے ملک کے لئے فخر کی بات ہے۔ کورٹ پر آپ کا جادوئی کھیل، کڑی محنت اور مضبوطی لاکھوں لوگوں کوحوصلہ دے گی۔ ورلڈ چیمپین کے مستقبل کے تمام مقابلوں کے لئے نیک خواہشات۔ ‘

وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا، ‘ لاجواب کھلاڑی  ہیں پی وی سندھو۔ پھر سے ہندوستان کی شان بڑھائی۔ بی ڈبلیو ایف ورلڈ چیمپین شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر ان کو مبارکباد۔ پی وی سندھو کی کامیابی کھلاڑیوں کی کئی نسلوں کوحوصلہ دے‌گی۔ ‘

اسپورٹس منسٹر کرین ری جیجو نے کہا کہ حکومت چیمپین تیار کرنے کے لئے بہترین سہولیات اور تعاون عطا کرے‌گی۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا،’بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈ منٹن چیمپین شپ میں گولڈ میڈیل جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن‌کر پی وی سندھو نے تاریخ رقم کی۔ ہندوستان کو سندھو پر فخر ہے۔ تہہ دل سے مبارکباد۔ ‘

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی سندھو کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔

بنرجی نے ٹوئٹ کیا،’بی ڈبلیو ایف ورلڈ بیڈ چیمپین شپ جیتنے والی پہلی ہندوستانی بننے پر مبارکباد پی وی سندھو۔ آپ نے ہر ہندوستانی کو شان بڑھائی ہے۔ جیتنا جاری رکھو۔ ‘

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)