خبریں

چدمبرم کی ضمانت عرضی خارج کرنے والے جج منی لانڈرنگ ٹریبونل کے چیئر پرسن بنے

دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس سنیل گوڑ نے آئی این ایکس میڈیا بد عنوانی معاملے میں پچھلے ہفتے کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم کی پیشگی ضمانت عرضی خارج کر دی تھی، جس کے بعد سی بی آئی نے ان کو گرفتار کیا تھا۔

جسٹس سنیل گوڑ (فوٹو بہ شکریہ : دہلی ہائی کورٹ)

جسٹس سنیل گوڑ (فوٹو بہ شکریہ : دہلی ہائی کورٹ)

نئی دہلی: آئی این ایکس میڈیا معاملے میں سابق وزیر خزانہ اور سینئر کانگریسی رہنما پی چدمبرم کی گرفتاری کے لئے راہ آسان کرنے والے ریٹائرڈ جج جسٹس سنیل گوڑ کو Appellate Tribunal for Prevention of Money Laundering Act (اے ٹی پی ایم ایل اے) کا چیئر پرسن بنایا گیا ہے۔ دی پرنٹ نے رپورٹ کر یہ جانکاری دی ہے۔ دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس گوڑ اےٹی پی ایم ایل اے کے موجودہ صدر جسٹس منموہن سنگھ کے ریٹائر ہونے کے بعد 23 ستمبر کو اپنا عہدہ سنبھالیں‌گے۔

آئی این ایکس میڈیا بد عنوانی معاملے میں کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم کی پیشگی ضمانت عرضی خارج کر سابق وزیر خزانہ کی گرفتاری کا راستہ ہموار کرنے والے جسٹس سنیل گوڑ پچھلے ہفتے جمعرات کو دہلی ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔ جسٹس گوڑ نے نیشنل ہیرالڈ معاملے میں کانگریسی رہنما سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت پارٹی کے ٹاپ  رہنماؤں کے استغاثہ کی بھی راہ تیار کی تھی۔ اپریل 2018 میں پرموشن  کے  بعد گوڑ کی ہائی کورٹ میں تقرری کی گئی تھی۔ ان کو 11 اپریل 2012 کو مستقل جج نامزد کیا گیا تھا۔

اپنی مدت کار کے دوران انہوں نے کئی دیگر ہائی پروفائل معاملوں کی سماعت کی۔ انہوں نے اگستا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر گھوٹالہ معاملے میں پچھلے ہفتے سوموار کو کانگریسی رہنما اور مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ کے بھانجے رتل پری کی پیشگی ضمانت نامنظور کر دی تھی۔ گوڑ نے کانگریس کے اخبار نیشنل ہیرالڈ کے ناشر ایسوسی ایٹڈ جرنل لمیٹڈ (اے جے ایل) معاملے میں گزشتہ سال ایک فیصلہ سناتے ہوئے اس کو یہاں آئی ٹی او واقع اپنا دفتر خالی کرنے کو کہا تھا۔

حالانکہ، اس فیصلے کو ہائی کورٹ کی ڈویزن بنچ نے برقرار رکھا لیکن سپریم کورٹ نے اس سال اپریل میں اس پر روک لگا دی۔ یہ موضوع فی الحال سپریم کورٹ  میں زیر التوا ہے۔ جسٹس گوڑ نے متنازعہ میٹ کاروباری معین قریشی کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملے سمیت بد عنوانی کے معاملوں سے جڑے کچھ دیگر مدعوں کی بھی سماعت کی۔

آئی این ایکس میڈیا معاملے میں چدمبرم کو پیشگی ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے 62 سالہ جج نے پچھلے ہفتے منگل کو ان کو ‘ کلیدی سازش کرنے والا ‘ قرار دیا تھا۔ اس مہینے کی شروعات میں، جسٹس گوڑ نے ٹرائل کورٹ کے اس حکم کو خارج کر دیا تھا جس میں ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) اور اس کے اس وقت کے تین سینئر افسروں کے خلاف اقتصادی معاملوں کی کابینہ کی میٹنگ سے متعلق خفیہ دستاویزوں کو رکھنے کے لئے مقدمہ چلانے کا حکم دیا تھا۔