خبریں

بہار کے وزیر خزانہ سشیل مودی نے کہا، ساون-بھادو کے مہینے میں ہرسال رہتی ہے مندی

بہار کے نائب وزیراعلیٰ اور وزیر خزانہ سشیل مودی نے کہا کہ ویسے تو ہرسال ساون-بھادو میں مندی رہتی ہے، لیکن اس بار مندی کا زیادہ شور مچاکر کچھ لوگ الیکشن میں اپنی  شکست کی شرمندگی اتار رہے ہیں۔

بہار کے نائب وزیراعلیٰ سشیل مودی(فوٹو : پی ٹی آئی)

بہار کے نائب وزیراعلیٰ سشیل مودی(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بہار کے نائب وزیراعلیٰ اور وزیر خزانہ سشیل مودی نے اتوار کو کہا کہ ملک کی اقتصادی حالت کو لےکر کچھ حزب مخالف پارٹیاں ڈر کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ ساون-بھادو کے مہینے میں ہرسال مندی رہتی ہے۔ایک ٹوئٹ کر کے سشیل مودی نے کہا، ‘ویسے تو ہرسال ساون-بھادو میں مندی رہتی ہے، لیکن اس بار مندی کا زیادہ شور مچاکر کچھ لوگ انتخاب میں اپنی  شکست کی شرمندگی اتار رہے ہیں۔ ‘

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک کی اقتصادی شرح نمو (جی ڈی پی) 6 سال کی نچلی سطح پر جاتے ہوئے گزشتہ سال کے 8 فیصد کے مقابلے میں اس سال اپریل-جون کے سہ ماہی میں پانچ فیصد ہو گئی۔کانگریس سمیت کئی حزب مخالف جماعتوں نے منیوفیکچرنگ اور زراعتی شعبے میں گراوٹ کو روک پانے میں ناکامیاب ہونے کا نریندر مودی حکومت پر الزام لگایا ہے۔

سشیل مودی نے آگے کہا کہ معیشت میں سستی کو لےکر فکرمند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مرکزی حکومت نے اس کو منضبط کرنے کے لئے ضروری قدم اٹھائے ہیں۔انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، ‘مرکزی حکومت نے معیشت میں تیزی لانے کے لئے 32 نکاتی راحت پیکیج کا اعلان اور 10 چھوٹے بینکوں کے انضمام کی پہل سے لینڈنگ کیپسٹی بڑھانے جیسے جو چو طرفہ اقدامات کئے ہیں، ان کا اثر اگلی سہ ماہی میں محسوس کیا جائے‌گا۔ ‘

انہوں نے آگے کہا کہ اقتصادی سستی سے بہار اچھوتا رہا اور دعویٰ کیا کہ ریاست میں موٹر گاڑیوں کی فروخت میں کوئی گراوٹ نہیں درج کی گئی۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا، ‘بہار میں مندی کا خاص اثر نہیں ہے اس لئے گاڑیوں کی فروخت نہیں گھٹی۔ مرکزی حکومت جلدہی تیسرے پیکیج کااعلان کرنے والی ہے۔ ‘

وہیں، ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا کہ بہار پہلی ریاست ہے، جس نے ایک ملک ایک ٹیکس کا نظریہ دینے والے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کامجسمہ لگانے اور ان کے یوم پیدائش پر ہرسال تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا، ‘بہار کو 15 سال کے بیڈ گورننس سے آزادی دلانے والے بی جے پی-جدیو اتحاد کی حکومت کا بننا اور اس کا پائیدار ہونا ریاست کے لئے ارون جیٹلی کی ایسی سیاسی خدمات ہیں، جس کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ 2020 کے اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کی  تمام جماعت پارلیامانی انتخاب کی کامیابی دوہراکر ارون جیٹلی کو اپنا خراج عقیدت دیں‌گی۔ ‘