خبریں

ساحر لدھیانوی کے بیش قیمتی خطوط ،نظمیں اور ڈائریاں کباڑ کی دکان پر ملے

ممبئی واقع ایک فاؤنڈیشن کو حال ہی میں جوہو کے کباڑ کی دکان میں اخباروں اور رسالوں کی ڈھیر میں یہ بیش قیمتی چیزیں ملی ہیں ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

 نئی دہلی: اردو کے معروف شاعراورنغمہ نگار ساحر لدھیانوی کے بیش قیمتی خطوط، ڈائریاں،نظمیں  اور بلیک اینڈ وہائٹ تصویریں ممبئی واقع ایک  کباڑ کی دکان سے ملے ہیں ۔ ایک این جی او  نے ان چیزوں کے تحفظ کے لئے ان کو 3000 روپے میں خریدا ہے۔قابل ذکر ہے کہ ممبئی واقع فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن کو حال ہی میں جوہو میں کباڑ کی ایک دکان میں اخبار اوررسالوں  کی ڈھیر میں یہ بیش قیمتی چیزیں ملی  ہیں ۔اب  این جی او کا منصوبہ ہے کہ وہ ان چیزوں کو جہاں محفوظ کریں گے وہیں اس کی نمائش بھی لگائیں گے ۔

فاؤنڈیشن کے بانی شیویندر سنگھ ڈنگرپور نے  خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے کہا کہ ، ‘ان ڈائریوں میں ان کے روز مرہ کے معمول مثلاً، گانے کی ریکارڈنگ کے لئے وہ کہاں جائیں گے اور دوسری ذاتی  باتیں درج ہیں۔اس کے  ان کے ہاتھ سے لکھی ہوئی کئی نظمیں  اور نوٹ  ہیں۔ ان نوٹس کا تعلق ان کے ناشر ‘پرچھائیاں’سے ہے۔’

انہوں نے بتایا،‘اس دور کے معرف موسیقار روی، ان کے دوست اور شاعر ہربنس کے لکھےہوئے خطوط بھی ہیں۔ کچھ انگریزی میں ہیں اور کچھ اردو میں ہیں۔ باقی تخلیقات اردو میں ہیں۔’انہوں نے کہا کہ ساحر کی کچھ تصویریں ہیں ، کچھ تصویریں ان کی بہنوں اور دوستوں کے ساتھ اور کچھ پنجاب میں ان کے گھر کے ہیں۔

فاؤنڈیشن کے ماہرین  ان نظموں کا مطالعہ کر رہے  ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ  ان میں سے کون سی نظمیں غیر مطبوعہ ہیں۔ ڈنگرپور نے کہا،یہ گرو دت کی فلم’پیاسا’کی یاد دلاتا ہے، جس میں ان کی نظمیں اور تخلیقات کباڑ کی دکان پر ملی تھیں۔’انہوں نے کہاکہ  فاؤنڈیشن نے ساحر سے جڑی یہ ساری چیزیں 3000 روپے میں خریدی ہیں۔

انہوں نے کہا ،ہماری ٹیم فلم سے متعلق ایسے کاموں کے لئے ہمیشہ تیار رہتی ہے۔ ہمیں ایک بار گرو دت کی فلم ‘بھروسہ’  کی اوریجنل ریل اور اداکارہ سادھنا کی کچھ چیزیں  اسی حالت میں ملی تھیں جن کو محفوظ کیا گیا۔

انہوں نے کہا ، افسوس  ہوتا ہے ان چیزوں کو ایسی حالت میں  دیکھ کر ۔ لیکن ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان کو ڈھونڈنے اور ان کو محفوظ کرنے میں اہل   ہیں۔فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن اب ان چیزوں کو آرکائیوکرنے  کے علاوہ ان  کو ڈیجیٹائز کرنے کی امید کر رہی ہے۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)