خبریں

اناؤ ریپ کیس: ایمس میں عدالت لگا کر متاثرہ کا بیان درج کیا گیا

اسپیشل جج نے دہلی ہائی کورٹ سے ایمس میں  عدالت لگا کر بند کمرے میں کارروائی شروع کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

کلدیپ سینگر(فوٹو : پی ٹی آئی)

کلدیپ سینگر(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اناؤ ریپ  معاملے میں ایمس میں بدھ کو لگائی گئی  عدالت میں بند کمرے میں کارروائی شروع ہو گئی۔ ضلع جج دھرمیش شرما نے ایمس میں ریپ  متاثرہ کے بیان درج کئے۔ عام لوگ اور پریس کو ‘ بند کمرے کی کارروائی ‘ دیکھنے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔ اس معاملے میں کلیدی ملزم ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کو اس کے لئے ایمس لایا گیا۔ ان کے ساتھ دوسرے ملزم ششی سنگھ کو بھی لایا گیا تھا۔ بی جے پی سینگر کو پارٹی سے نکال چکی ہے۔

جج نے سنیچر کو ایمس کے جئے پرکاش نارائن ایپکس ٹراما سینٹر میں ایک عارضی عدالت قائم کرنے کی ہدایت دی تھی، جہاں خاتون کو 28 جولائی کو ایک حادثہ کے بعد بھرتی کرایا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں جمعہ کو اجازت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے جمعہ کو انتظامیہ کی جانب  سے اس بارے میں ایک نوٹیفیکشن جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ معاملے کی سماعت کر رہے خصوصی جج شرما متاثرہ کے بیان درج کریں‌گے۔

اسپیشل جج نے دہلی ہائی کورٹ سے ایمس میں عارضی عدالت قائم کرکے بند کمرے میں کارروائی شروع کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ریپ  متاثرہ کو لکھنؤ کے ایک ہاسپٹل سے ہوائی راستے کے ذریعے دہلی لایا گیا تھا۔ متاثر خاتون نے 2017 میں سینگر پر ان کے ساتھ مبینہ طور پر ریپ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ واقعہ کے وقت وہ نابالغ تھیں۔ 28 جولائی کو اتر پردیش کے رائےبریلی میں ہوئے سڑک حادثے میں شدیدطور پر زخمی ہوئی متاثرہ فی الحال زندگی کے لئے جوجھ رہی ہیں۔

اس حادثہ میں ان کی خالہ اور چاچی دونوں کی موت ہو گئی تھی۔ حادثے میں ان کا وکیل بھی زخمی ہو گیا تھا۔ اس سے پہلے 9 اگست کو جج دھرمیش شرما نے اناؤ میں نابالغ لڑکی کے ریپ کے معاملے میں بی جے پی سے نکالے گئے ایم ایل اے کلدیپ سینگر کے خلاف الزام طے کئے تھے۔ ساتھ ہی سینگر کے دوست ششی سنگھ کے خلاف بھی نابالغ لڑکی کے اغوا کے معاملے میں الزام طے کئے تھے۔

ریپ معاملے میں عدالت نے انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 120 بی (مجرمانہ سازش) ، 363 (اغوا) ، 366 (اغوا اور خاتون پر شادی کے لئے دباؤ ڈالنا)، 376 (ریپ) اور بچوں کے جنسی جرائم سے متعلق ایکٹ (پاکسو) کی متعلقہ دفعات کے تحت الزام طے کئے ہیں۔

 وہیں سپریم کورٹ کی ہدایت پر حادثہ کے معاملے کو لےکر سی بی آئی جانچ‌کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے اناؤ ریپ کی  متاثرہ اور ان کے وکیل کے ایک سڑک حادثے میں شدیدطور پر زخمی ہونے سے متعلق معاملے کی تفتیش جلد پوری کرنے کے لئے کہا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)