خبریں

ملک میں روزگار کی کمی نہیں،شمالی ہند میں اہل لوگوں کی کمی ہے: مرکزی وزیر سنتوش گنگوار

مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار  سنتوش گنگوار کے اس بیان پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ شمالی ہندکےباشندوں کو ذمہ دار ٹھہرا کر وزیر روزگار کے سوالوں سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار سنتوش گنگوار نے کہا کہ ملک میں روزگار کی کوئی کمی نہیں ہے،لیکن اہل لوگوں  کی کمی ہے،خاص طور پر شمالی ہند میں۔انڈین ایکسپریس کے مطابق،مودی حکومت کے 100 دن پورے ہونے پر لکھنؤ میں ایک کتاب کے اجراکے موقع پر بولتے ہوئے  گنگوار نے کہا،’آج کل اخبار روزگار کی خبروں سے بھرے پڑے ہیں،ہم اسی محکمہ کے لئے کام کرتے ہیں اور اس کی ریگولرنگرانی کرتے ہیں۔ روزگار محکمہ کے علاوہ ہم بھی اسی لئے کام کرتے ہیں۔’

انہوں نے کہا،‘ملک میں روزگار کے مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔اکثر شمالی ہند میں نوکری دینے والے شکایت کرتے ہیں کہ وہ کسی خاص پوسٹ کے لئے ضروری اہلیت والے بہت کم امیدواروں کو تلاش کرپاتے ہیں۔’انہوں نے یہ بھی بھروسہ دلایا کہ کم روزگار شرح لمبے وقت کے لئے ایک مسئلہ نہیں ہوگا اور ان کی وزارت اس سمت  میں کام کر رہی ہے۔

ان کے اس بیان پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شمالی ہند  کے لوگوں کو ذمہ دار ٹھہرا کر وزیر روزگار کے سوالوں سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پرینکا گاندھی نے کہا ،’وزیر جی،گزشتہ پانچ سالوں سے زیادہ وقت سے آپ کی حکومت ہے۔اس کے باوجود ملک میں نوکریاں پیدا نہیں ہوئیں۔جو نوکریاں تھیں وہ حکومت کے ذریعہ لائے اقتصادی بحران کی وجہ سے چھن رہی ہیں۔نوجوان راستہ دیکھ رہے ہیں کہ حکومت  کچھ اچھا کرے۔آپ شمالی ہند کے لوگوں  کی بے عزتی کر کے بچ نکلنا چاہتے ہیں۔یہ نہیں چلے گا۔حالانکہ ،گنگوار نے بعد میں اپنے بیان پر صفائی دی۔

خبر رساں ایجنسی اےاین ائی کے مطابق،انہوں نے کہا کہ ان کا بیان کسی دوسرے حوالے سے تھا۔نوجوانوں میں اہلیت کی کمی تھی جس کے لئے حکومت نے اسکل منسٹری  کھولا تا کہ روزگار کی ضرورت کے مطابق بچوں کو ٹریننگ دی جا سکے۔حال ہی میں وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا تھا کہ آٹو موبائل سیکٹر میں بحران کی وجہ میٹرو سیکٹر  میں آن لائن کیب کی سہولیات میں اضافہ کی وجہ سے آئی ہے۔جہاں پر نوجوان اپنی گاڑی خریدنے کے بجائے اولا اور اوبر جیسی خدمات پسند کر رہے ہیں۔

ان کے اس بیان پراپوزیشن  نےسخت ردعمل پیش کیا۔کانگریس نے کہا تھا کہ معیشت کی خراب حالت کے لئے سیتارمن حکمراں بی جے پی  کو چھوڑ کر صرف دوسروں پر الزام لگانا جانتی ہے۔