خبریں

کابل میں خودکش حملہ، کم از کم 30 ہلاک

افغان دارالحکومت کابل کے مرکزی حصے میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکہ افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی کے قریب ہوا ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : افغان دارالحکومت کابل کے مرکزی حصے میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکہ افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی کے قریب ہوا ہے۔اس حملے میں صدر غنی کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔

ہلاک ہونے والے افراد میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے ہلاکتوں میں امکان کا اندیشہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات میں دو ہفتوں سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے اور ان دنوں انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ افغان طالبان اس انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے ریلی کی طرف جانے والے راستے پر چیک پوائنٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرکے مطابق اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے کابل کے ایک ہاسپٹل کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقاسم سنگین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس خودکش دھماکے کے نیتجے میں کم از کم 32 دیگر افراد زخمی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

افغانستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد 28 ستمبر کو ہوگا۔

(ڈی ڈبلیو کے ان پٹ کے ساتھ)