خبریں

پورے ملک میں لایا جائے‌ گا این آر سی، غیر قانونی مہاجروں کو باہر کریں‌ گے: امت شاہ

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ملک کی عوام نے 2019 کے عام انتخاب کے فیصلے کے ذریعے ملک بھر میں این آر سی نافذ کرنے پر اپنی مہر لگا دی ہے۔

امت شاہ (فوٹو : پی ٹی آئی)

امت شاہ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے  کہا کہ پورے ہندوستان میں این آ ر سی لایا جائے‌گا اور تمام غیر قانونی مہاجروں کو قانونی طریقوں سے ملک سے باہر کر دیا جائے‌گا۔ امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ ملک کی عوام نے 2019 کے عام انتخاب کے فیصلے کے ذریعے ملک بھر میں این آر سی نافذ کرنے پر اپنی مہر لگا دی ہے۔انہوں نے رانچی میں ایک پروگرام میں کہا، ‘ہم نے اپنے انتخابی منشور میں ملک کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ صرف آسام میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہم این آر سی لائیں‌گے اور ملک کی عوام کا ایک رجسٹر بنائیں‌گے اور باقی (غیر قانونی مہاجروں) لوگوں کے لئے قانون کے حساب سے کارروائی ہوگی۔ ‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ این آر سی کی پوری توسیع قومی شہری رجسٹر ہے، نہ کہ قومی آسام رجسٹر۔ اس لئے یہ پورے ملک میں نافذ ہونا چاہیے اور میرا ماننا ہے کہ ملک کی عوام کی ایک فہرست ہونی چاہیے۔امت شاہ نے کہا کہ آسام میں جن لوگوں کے نام این آر سی میں نہیں آئے ہیں، ان کو غیر ملکی عدالتوں کے سامنے اپنا پہلو رکھنے کا موقع دیا گیا ہے۔

انہوں نے آگے کہا، ‘آسام حکومت نے ان لوگوں کے لئے وکیل مہیا کرانے کا بھی انتظام کیا ہے، جو اپنا پہلو رکھنے کے لئے وکیلوں کی فیس نہیں برداشت کر سکتے۔ لیکن میرا کامل یقین ہے کہ ایک بھی ایسا ملک نہیں ہے، جہاں کوئی بھی جاکر بس سکے۔ میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ امریکہ میں جاکر بس سکتے ہیں؟ آپ نہیں بس سکتے۔ تو پھر کوئی ہندوستان میں کیسے آکر بس سکتا ہے؟ سیدھی سی بات ہے۔ ‘

وزیر داخلہ نے پوچھا کہ اس میں سیاست کہاں سے آ گئی۔

انہوں نے کہا، ‘اگر آپ برٹن، نیدرلینڈ یا روس جاکر بسنے کی کوشش کرتے ہیں تو کوئی آپ کو اجازت نہیں دے‌گا۔ تو کوئی ہندوستان آکر کیسے بس سکتا ہے۔ ملک اس طرح نہیں چلتے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کی عوام کا ایک قومی رجسٹر بنے۔ ‘واضح ہو کہ، اس سے پہلے جولائی میں پارلیامنٹ سیشن کے دوران راجیہ سبھا میں وقفہ سوال  کے دوران ایک ضمیمہ (سپلیمنٹری) سوال کے جواب میں شاہ نے کہا تھا کہ ملک کی انچ-انچ زمین پر جو غیر قانونی مہاجر رہتے ہیں، ہم ان کی پہچان کریں‌گے اور عالمی قوانین کے تحت ان کو جلا وطن کریں‌گے۔

آپ کو بتا دیں کہ آسام میں آخری این آر سی کی اشاعت 31 اگست کو کی گئی تھا، جس میں ریاست کے 19 لاکھ باشندوں کے نام نہیں ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)