خبریں

سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ نے تہاڑ جیل میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سے ملاقات کی

سابق وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم آئی این ایکس میڈیا معاملے میں مبینہ منی لانڈرنگ  کے الزام میں عدالتی حراست میں ہیں۔ سی بی آئی نے ان کو 21 اگست کو گرفتار کیا تھا۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سوموار کو دہلی کی تہاڑ جیل میں پارٹی کے سینئر رہنما پی چدمبرم سے ملاقات کی۔چدمبرم منی لانڈرنگ معاملے میں عدالتی حراست میں ہیں۔ چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم نے بھی تہاڑ جیل میں والد سے ملاقات کی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، چدمبرم نے اس ملاقات کے بعد پارٹی کے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔

چدمبرم کی فیملی نے ان کی طرف سے ٹوئٹ کر کےکہا، ‘میں آج فخر محسوس کر رہا ہوں کہ سونیا گاندھی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ جی آج مجھ سے ملنے آئے۔ جب تک کانگریس پارٹی مضبوط اور دلیر ہے، میں بھی مضبوط اور دلیر رہوں‌گا۔ ‘

چدمبر نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا، ‘بےروزگاری، کم تنخواہ، ہجومی تشدد، کشمیر میں تالابندی، موجودہ نوکریوں کے ختم ہونے اور حزب مخالف رہنماؤں کو جیل میں ڈالنے کے علاوہ ہندوستان میں سب اچھا ہے۔ ‘

کارتی چدمبرم نے بھی سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ‘ میرے والد اور میری فیملی کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آج ان (چدمبرم) سے ملاقات کی اور اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ اس سیاسی لڑائی میں یہ ہمارا حوصلہ بڑھائے‌گا۔ ‘غور طلب ہے کہ پی چدمبرم تین اکتوبر تک عدالتی حراست میں ہیں۔ سی بی آئی اور ای ڈی 2007 میں چدمبرم کے وزیر خزانہ رہنےکے دوران آئی این ایکس میڈیا کو دی گئی ایف آئی پی بی میں بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی جانچ کر رہی ہے۔

پچھلے ہفتہ دہلی کی ایک عدالت نے چدمبرم کی خود سپردگی کی پیشکش کو خارج کر دیا تھا۔ دراصل ای ڈی نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کی گرفتاری ضروری ہے اور وہ مناسب وقت پر ہی خود سپردگی کو منظور کریں‌گے۔

ای ڈی نے عدالت کو بتایا تھا کہ عدالتی حراست میں رہنے کی وجہ سے چدمبرم شواہد سے چھیڑچھاڑ اور گواہوں کو متاثر کرنے کی حالت میں نہیں ہوں‌گے۔واضح  ہو کہ سی بی آئی نے 21 اگست کو چدمبرم کو گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی آئی این ایکس میڈیا معاملے میں مبینہ بدعنوانی کی جانچ کررہی ہے۔