خبریں

بالاکوٹ میں دہشت گردوں کا کیمپ ایک بار پھر سرگرم: آرمی چیف بپن راوت

جنرل بپن راوت نے جموں و کشمیر کے حالات پر کہا کہ کشمیر وادی میں دہشت گردوں اور پاکستان میں بیٹھے ان کے ہینڈلرس کے درمیان اب رابطہ ٹوٹ چکا ہے اور اس وجہ سے کشمیر میں دہشت گردانہ واقعات رک گئے ہیں۔

 آرمی چیف جنرل بپن راوت (فوٹو : پی ٹی آئی)

آرمی چیف جنرل بپن راوت (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بالاکوٹ میں دہشت گردوں کا کیمپ ایک بار پھر سرگرم  کر دیا ہے اور تقریباً 500 گھس پیٹھیے ملک میں داخل ہونے کے فراق میں ہیں۔ چنئی میں آفیسرز ٹریننگ اکیڈمی میں سوموار کو انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں یہ بات کہی۔راوت نے کہا، ‘پاکستان نے حال ہی میں بالاکوٹ کو پھر سرگرم کر دیا ہے۔ اس سے پتہ  چلتا ہے کہ بالاکوٹ متاثر ہوا تھا۔ وہ برباد اور تباہ ہوا تھا اس لئے لوگ وہاں سے چلے گئے تھے اور اب وہ پھر سے سرگرم ہوگئے ہیں۔ ‘

انہوں نے کہا کہ تقریباً 500 گھس پیٹھیے ملک میں داخل ہونے کے فراق میں ہیں۔ آرمی چیف نے کہا، ‘… ہندوستانی فضائیہ نے کچھ قدم اٹھائے ہیں اور اب وہاں ان کو لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔ ‘

دینک جاگرن کے مطابق، جنرل بپن راوت نے جموں و کشمیر کے حالات پر بولتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر وادی میں دہشت گردوں اور پاکستان میں بیٹھے ان کے ہینڈلرس کے درمیان اب رابطہ ٹوٹ چکا ہے اور اس وجہ سے کشمیر میں دہشت گردانہ واقعات رک گئےہیں۔ساتھ ہی جنرل بپن راوت نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کے درمیان رابطہ ٹوٹ چکا ہے لیکن کشمیر کے عام لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ بنا ہوا ہے۔

راوت نے پاکستان کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ‘وہ دہشت گردوں کو ہمارے خطے میں داخل کرانے کے لئے سیزفائر کی خلاف ورزی کرتا ہے، لیکن ہم سیزفائر کی خلاف ورزی سے نپٹنا چاہتے ہیں۔ ہمارے فوجیوں کو پتہ ہے کہ کیسے ان حالات میں دشمنوں کے خلاف کارروائی کرنی ہے۔ ہم محتاط ہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ گھس پیٹھ  کی ہر کوشش کو ناکام کر دیا جائے۔ ‘غور طلب ہے کہ 14 فروری کو جموں و کشمیر کے پلواما ضلع‎ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے خودکش حملے میں 40 جوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ اس کے بعد 26 فروری کو ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے بالاکوٹ میں ایئرسٹرائک کی تھی۔

اس کے اگلے دن 27 فروری کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئی ہوائی جدو جہد میں پاکستان نے ہندوستان کا مگ-21 ہوائی جہاز گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہوئی اس ہوائی جدو جہد میں ونگ کمانڈر ابھینندن کو پاکستان نے گرفتار کر لیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)