خبریں

رابرٹ واڈرا کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کرنے کی ضرورت:ای ڈی

منی لانڈرنگ معاملے  میں رابرٹ واڈرا کی پیشگی  ضمانت  کی عرضی  کو چیلنج کرتے ہوئے  ای ڈی نے دہلی ہائی کورٹ سے کہا کہ واڈرا جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔واڈرا کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف الزام سے جڑے  ای ڈی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: ای ڈی نے دہلی ہائی کورٹ سے جمعرات کو کہا کہ رابرٹ واڈراکو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کئے جانے کی ضرورت ہیں کیونکہ ‘رقم کی لین دین کی کڑیوں ‘سے مبینہ طور پر ان کا سیدھا تعلق ہے۔ای ڈی نے جسٹس چندر شیکھر کے سامنے  کہا کہ واڈرا اپنے خلاف منی لانڈرنگ معاملہ کی جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ حالانکہ واڈرا کے وکیل نے ای ڈی کے دعووں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی جب بھی ان کے موکل کو بلاتی ہے،وہ اس کے سامنے پیش ہوتے ہیں اور انہوں  نے جانچ میں مکمل تعاون کیا ہے۔

وکیل نے یہ بھی کہاکہ ای ڈی نے جو سوال کیے،ان کے موکل نے ان کا جواب دیا اور ان پر لگائے گئے الزام کو ْقبول نہیں کرنے ‘کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ تعاون نہیں کر رہے ہیں۔دلائل  سننے کے بعد عدالت نے معاملے پر آخر ی بحث کےلئے 5 نومبر کی تاریخ طے کی۔واڈار پر لندن کے 12،برائنسٹن اسکوائر واقع 17 کروڑ روپےکی جائیداد کی خریداری میں منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

واضح ہو کہ نچلی عدالت نے واڈرا کو پیشگی ضمانت دے دی تھی،جسے ای ڈی نے ہائی کورٹ میں چیلنج دیا ہے۔واڈرا نے ان کی پیشگی ضمانت کو چیلنج دینے والی ای ڈی کی عرضی کی مخالفت کی ہے۔واڈرا نے اپنے جواب میں کہا کہ اس طرح کی کوئی مثال نہیں ہے جب انہوں نے جانچ میں تعاون نہیں کیا ہو شواہد  کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا بھی کوئی شبہہ نہیں ہے،کیونکہ ای ڈی ان کے پاس سے معاملہ سے جڑے سبھی دستاویزوں کو پہلے ہی ضبط کر چکی ہے۔

انہوں  نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ای ڈی بے مطلب کی جانچ کر رہی ہے اور اس کے پاس ان کے خلاف الزامات سے جڑا کوئی بھی مواد نہیں ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)