خبریں

مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ پر قیدیوں کو رہا کیا جائے گا

مرکزی وزارت داخلہ کے افسروں کے مطابق، ریپ اور بدعنوانی کی مجرموں کو چھوڑ کر چھٹ پٹ معاملوں کے سیکڑوں قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

علامتی تصویر، فوٹو: رائٹرس

علامتی تصویر، فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ پر ریپ  اوربدعنوانی کے مجرمین کو چھوڑ کر چھٹ پٹ معاملوں کے سیکڑوں قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

افسروں نے  بتایا کہ 2 اکتوبر کو تقریباً 600 قیدیوں کو رہا کیا جاسکتا ہے ۔ ریاستوں اور یونین ٹریٹری کی حکومتوں کی مدد سے وزارت داخلہ حتمی فہرست تیا رکر رہا ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ مہاتما گاندھی کی سالگرہ منانے کے لیے قیدیوں کو خصوصی چھوٹ دینے کے منصوبے کے تحت ابھی تک 1424 قیدیوں کو ریاستوں اور یونین ٹریٹری نے رہا کیا ہے۔ ان کو 2 اکتوبر 2018 اور 6 اپریل 2019 کے دو مرحلوں میں رہا کیا گیا۔

افسر نے بتایا کہ تیسرے مرحلے کے تحت اس سال دو اکتوبر کو قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

گزشتہ سال حکومت کی جانب سے اعلان کیے گئے جرم معافی منصوبہ  کے تحت قتل ، ریپ اور بدعنوانی کے معاملوں میں مجرم قرار دیے گئے قیدیوں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔

55 سال یا اس سے زیادہ کلی عمر والی عورتوں اور 60 سال یا اس ے زیادہ کی عمر والے مردوں نے اپنی آدھی سزا پوری کر لی ہے ، ان کو اس منصوبے کے تحت رہا کیا جائے گا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)