خبریں

بی جے پی ایم پی  پرگیہ ٹھاکر کا عدالت کا حکم ماننے سے انکار، کہا-نوراتری پر اسپیکر-ڈی جے سب چلے‌ گا

پرگیہ  ٹھاکر نے نوراتری پر لاؤڈ اسپیکر اور ڈی جے دیر تک بجانے کو لےکر کہا کہ سارے اصول قاعدے قانون کیا صرف ہندوؤں  کے لئے ہیں۔ ہم اس کو نہیں مانیں‌گے۔ اس نوراتری پر ہم لاؤڈ اسپیکر-ڈی جے سب چلائیں‌گے۔ کوئی گائڈلائنس نہیں ہے۔

فوٹو : پی ٹی آئی

فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیامان پرگیہ  سنگھ ٹھاکر نے عدالت کی ہتک  کرتے ہوئے دیر رات تک لاؤڈسپیکر اور ڈی جے بجانے پر لگی روک کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق، پرگیہ  ٹھاکر نے نوراتری پر لاؤڈ اسپیکر اور ڈی جے دیر تک بجانے کو لےکر کہا کہ سارے اصول قاعدے قانون کیا صرف ہندوؤں کے لئے ہیں۔ ہم اس کو نہیں مانیں‌گے۔ اس نوراتری پر ہم لاؤڈ اسپیکر-ڈی جے سب چلائیں‌گے۔ کوئی گائڈلائنس نہیں ہیں۔

حالانکہ، جب ان کو لاؤڈاسپیکر کے معاملے میں کورٹ کے فیصلے کی یاد دلائی گئی تو انہوں نے کہا کہ ان کو کورٹ کا یہ فیصلہ منظور نہیں ہے۔ بتا دیں کہ سادھوی پرگیہ  بھوپال میں نامہ نگاروں سے بات کر رہی تھیں۔ اسی دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں  نے یہ جواب دیا۔

پرگیہ ٹھاکر اس سے پہلے بھی کئی ایسے بیان دے چکی ہیں، جن پر تنازعات کھڑے ہوئے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ بابولال گوڑ کے خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہوئے  جلسہ میں  انھوں نے کہا کہ حزب مخالف کے ذریعے بی جے پی رہنماؤں پر ‘ مارک شکتی ‘ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ  جولائی کے مہینے میں ان کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں وہ کہتی نظر آ رہی تھیں کہ رکن پارلیامان نالی اور بیت الخلا صاف کرانے کے لئے نہیں بنے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی طرف سے جاری اس ویڈیو میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے سیہور میں کارکنان سے کہا تھا، ‘ ہم نالی صاف کروانے کے لئے نہیں بنے ہیں۔ ہم آپ کا بیت الخلا صاف کرنے کے لئے بالکل نہیں بنائے گئے ہیں۔ ہم جس کام کے لئے بنائے گئے ہیں، وہ کام ہم ایمانداری سے کریں‌گے۔ ‘

اس سے پہلے پرگیہ ٹھاکر نے لوک سبھا انتخابی تشہیر کے دوران مہاتما گاندھی کے قاتل  ناتھو رام گوڈسے کو وطن پرست بتاتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ ان کو دہشت گرد کہہ رہے ہیں ان کو انتخابی نتیجہ کے بعد جواب مل جائے‌گا۔انہوں نے کہا تھا، ‘ ناتھو رام گوڈسے وطن پرست تھے، وطن پرست ہیں اور وطن پرست رہیں‌گے۔ ان کو دہشت گرد کہنے والے لوگ اپنے گریبان میں جھانک‌کر دیکھیں، اب کے انتخاب میں ایسے لوگوں کو جواب دے دیا جائے‌گا۔ ‘

اس کے بھی پہلے پرگیہ ٹھاکر نومبر 2008 میں ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے مہاراشٹر اے ٹی ایس کے چیف ہیمنت کرکرے کے بارے میں بھی متنازعہ بیان دے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ کرکرے کی موت ان کی بددعا کی وجہ سے ہوئی تھی۔