خبریں

راہل گاندھی نے وزیر خارجہ سے کہا-وزیر اعظم مودی کو تھوڑی ڈپلومیسی سکھائیں

کانگریس رہنما راہل گاندھی نے یہ تبصرہ امریکہ دورے پر گئے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کے اس بیان پر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہیوسٹن ریلی میں ’ اب کی بار ٹرمپ سرکار‘کا جو نعرہ دیا تھا، وہ کسی دوسرے  سیاق میں تھا اور اس کا غلط مطلب نہ نکالیں۔

نریندر مودی اور راہل گاندھی (فوٹو : رائٹرس)

نریندر مودی اور راہل گاندھی (فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: کانگریس رہنما راہل گاندھی نے گزشتہ 22 ستمبر کو امریکہ کے ہیوسٹن میں منعقد ‘ ہاؤڈی مودی ‘ پروگرام میں  ‘ اب کی بار ٹرمپ سرکار ‘ کا نعرہ لگانے پر منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی نااہلیت کو دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے امریکہ کی حزب مخالف پارٹی ڈیموکریٹ کو ہندوستان کے ساتھ مسئلہ پیدا ہوگا۔

حالانکہ، مودی کی نااہلیت کا بچاؤ کرنے کے لئے انہوں نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کا شکریہ ادا کیا اور ان سے گزارش کی کہ وہ وزیر اعظم کو تھوڑی بہت ڈپلومیسی سکھائیں۔ گاندھی نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘ ہمارے پی ایم کی نااہلیت کو کور کرنے کے لئے جئے شنکر جی آپ کا شکریہ۔ ان کی اس حمایت نے ہندوستان کے لئے ڈیموکریٹ کے ساتھ سنگین مسائل پیدا کیے۔ مجھے امید ہے کہ یہ آپ کی مداخلت سے صحیح ہو جائے‌گا۔ اس پر کام کرنے کے دوران آپ ان کو تھوڑی بہت ڈپلومیسی کے بارے میں سکھائیں۔ ‘

واشنگٹن کے تین روزہ سفر پر گئے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے امریکہ کی گھریلو سیاست کی طرف ہندوستان کےغیر جانبدارانہ  رخ کو دہراتے ہوئے سوموار کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہیوسٹن ریلی میں ‘ اب کی بار ٹرمپ سرکار ‘ کا جو نعرہ دیا تھا، وہ محض اس کا سیاق تھا جو ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی انتخابی تشہیر مہم کے دوران ہندوستانی-امریکی کمیونٹی کا پیار حاصل کرنے کے لئے کہا تھا۔

انہوں نے اس بات کو سرے سے مسترد کر دیا کہ وزیر اعظم نے 2020 کی انتخابی مہم کے لئے ٹرمپ کی امیدواری کی حمایت کرنے کے لئے ایسا کہا تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا، ‘ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں باتوں کا غلط مطلب نکالنا چاہیے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایسا کرکے آپ کسی کے لئے اچھا کر رہے ہیں۔ ‘

غور طلب ہے کہ 22 ستمبر کو ہیوسٹن میں 50000 سے زیادہ ہندوستانی امریکی کے عوامی مجمع کو خطاب کرتے ہوئے  مودی نے کہا تھا، ‘ امیدوار ٹرمپ کے ‘ اب کی بار ٹرمپ سرکار ‘ لفظوں  کی گونج اونچی اور واضح ہے۔ ‘ وزیر اعظم کے اس نعرے کی کانگریس پارٹی نے سخت تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ آپ ہندوستان کے وزیراعظم ہیں نہ کہ امریکی الیکشن میں ‘اسٹارپرچارک’۔