خبریں

بہار میں پھر بارش کا الرٹ، 73 لوگوں کی موت، مہاماری کا اندیشہ

بارش اور سیلاب کی وجہ سے بہار کے تمام ریلوے  ٹریک   پر آمدو رفت بری طرح سے متاثر ہو ئی  ہے۔اب تک 73 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔پٹنہ کے سبھی اسکول 4 اکتوبر تک بند کر دئے گئے ہیں۔

پٹنہ واقع نالندہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں بارش کی وجہ سے پانی بھر گیا تھا(فوٹو : پی ٹی آئی)

پٹنہ واقع نالندہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں بارش کی وجہ سے پانی بھر گیا تھا(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بہار میں بھاری بارش کے بعد آئے سیلاب سے اب تک 73 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔راجدھانی پٹنہ میں شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے  عام زندگی بری طرح سے متاثر ہے۔اس درمیان محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ریاست کے تمام حصوں میں شدید بارش   کے مدنظراورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ پٹنہ کے سبھی اسکول 4 اکتوبر تک بند کر دئے گئے ہیں۔وہیں ،سیلاب کے بعد اب پانی بھرے علاقوں میں مہاماری کا اندیشہ بھی جتایا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ،مرکزی وزیر مملکت برائے صحت اشونی چوبے نے مہاماری کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے سینٹرل ٹیم کو بہار  جانے کے لئے کہا ہے۔ادھر،ریاستی محکمہ موسمیات نے متعلقہ ضلعوں کے انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور امدادی سامان کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس کے علاوہ پٹنہ میں  ڈی ایم کمار روی نے سبھی اسکولوں او ر دیگر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

این بی ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ،محکمہ قدرتی آفات  کے چیف سکریٹری پرتیہ امرت   نے بتایا ،’سیلاب کی وجہ سے 73 لوگ مارے گئے ہیں اور 9 زخمی  ہیں۔کول انڈیا سے لائے گئے پمپ میں کچھ تکنیکی دقتیں تھیں۔اگر جمعرات کو کام شروع ہوتا ہے تو ہم راجندر نگر سے پانی صاف کر دیں گے۔’

یہ بھی پڑھیں :’ہم نے شدید بارش کی وارننگ دی تھی، تاکہ حکومت بہار صورتحال سے نپٹنے کے لئے تیار رہے

دریں اثناسابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ممبر رام کرپال یادو بدھ کو اپنے پارلیامانی حلقہ  پاٹلی پتر  میں سیلابی  علاقوں کا دورا کرنے پہنچے تھے۔اس دوران دھنروآ کے رمنی بگہہ حلقے  میں  ان کی ناؤ پلٹ گئی،جس کے بعد وہ ڈوبنے لگے۔آناً فاناً میں ان کے پاس موجود مقامی لوگوں نے انہیں بچا لیا۔اس حادثہ میں وہ معمولی طور پر زخمی بھی ہو گئے ہیں۔

وہیں ،پٹنہ اور دیگر علاقوں میں بارش کے بعد بد انتظامی کو لے کر نتیش کمار کی حکومت سوالوں کے گھیرے میں ہے۔شہر کے پاش مانے جانے والے علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہے۔گلی محلوں میں ناؤ چل رہی ہے۔اس بیچ بی جے پی نے بھی سیلاب سے نپٹنے کو لے کر نتیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے بعد اب بہار بی جے پی کے صدر سنجے جیسوال نے پٹنہ میں سیلاب اور پانی کے جماؤکو لے کر نتیش حکومت پر انتظامی طور پرنظرانداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔