خبریں

اترپردیش: کتے کے ٹوائلٹ کو لے کر ہوئے جھگڑے میں ایل جے پی رہنما کے بیٹے کا پیٹ–پیٹ کر قتل

اترپردیش کے سہارن پور کا معاملہ ہے ۔ مرنےوالے کے والد ایل جے پی کے ریاستی سکریٹری ہیں ۔ پولیس نے تین ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ تینوں فرار ہیں۔

فوٹو بہ شکریہ، وکی پیڈٰیا

فوٹو بہ شکریہ، وکی پیڈٰیا

نئی دہلی: اترپردیش کے سہارن پور ضلع میں کتے کے ٹوائلٹ کو لے کر ہوئے جھگڑے میں گزشتہ جمعرات کو ایک ایل جے پی رہنما کے بیٹے کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا۔ اس جھگڑے میں مرنے والے کے والد سمیت تین لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ایس پی سٹی وینیت بھٹناگر نے بتایا کہ تھانہ جنک پوری کے تحت دامودر پوری میں جمعرات کی شام کتے کے ٹوائلٹ کو لے کر دو پڑوسیوں میں کہاسنی ہوئی جو دیکھتے دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہوگئی ۔

بھٹناگر نے بتایا کہ لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی ) کے ریاستی سکریٹری ہری اوم پاسوان کے بیٹے دیپک کی پڑوس میں رہنے والے شبھم کے ساتھ کتے کے ٹوائلٹ کو لے کر کہا سنی ہوئی جو اتنی بڑھ گئی کہ شبھم نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے دیپک کو لاٹھی ڈنڈے سے پیٹ- پیٹ کر مار ڈالا۔24 سالہ دیپک کے والدین نےاس کی مخالفت کی تو حمل آوروں نے ان پر بھی حملہ کیا ۔ دونوں کو ضلع ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔

بھٹناگر نے بتایا کہ حملہ آور شبھم اپنی  فیملی کے ساتھ فرار ہوگیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کے سینئر افسر موقع پر پہنچے ۔ اس حملے میں تین لوگ زخمی ہوئے ہیں۔موقع پر پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے۔ امر اجالا کی ایک رپورٹ کے مطابق، مرنے والے دیپک کے بھائی کمل نے قتل کا الزام لگاتے ہوئے اپنے پڑوس میں رہنے والے شبھم ، ا ن کی ماں کوشل اور بہن مونیکا کو نامزد کیا ہے ۔ پولیس ملزمین کو تلاش کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، دیپک اور شبھم کے بیچ کتے کے ٹوائلٹ کو لے کر ایک ہی دن میں تین بار جھگڑا ہواتھا ۔ دو بار محلے کے لوگوں نے دونوں کو سمجھا بجھا کر معاملہ ختم کر دیا تھا۔پولیس نے کوشل ، شبھم اور مونیکا کے خلاف قتل ، مارپیٹ اور آئی پی سی کی متعلقہ دفعات کے تحت جنک پوری تھانے میں معاملہ درج کیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)