خبریں

مہاتما گاندھی کی 150 ویں سالگرہ پر 611 قیدی رہا

دو اکتوبر کو 611 قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ہی پچھلے ایک سال میں’خصوصی معافی’اسکیم کے تحت رہا ہونے والےقیدیوں کی کل تعداد بڑھ‌کر 2035 ہو گئی ہے۔

(علامتی تصویر: رائٹرس)

(علامتی تصویر: رائٹرس)

نئی دہلی: مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ‘خصوصی معافی’اسکیم کے تحت اس ہفتے ملک بھر کی جیلوں سے 600 سے زیادہ قیدیوں کو رہا کیا گیا۔ افسروں نے جمعہ کویہ جانکاری دی۔ دو اکتوبر کو 611 قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ہی پچھلے ایک سال میں اس اسکیم کے تحت رہا ہونے والے قیدیوں کی کل تعداد بڑھ‌کر 2035 ہو گئی ہے۔ان قیدیوں کو خصوصی معافی اسکیم کے تحت رہا نہیں کیا گیا، جن کو قتل،ریپ یا بد عنوانی کے معاملوں میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔

 وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں 18 جولائی، 2018 کو مرکزی کابینہ نے مخصوص زمرہ کے قیدیوں کو خصوصی معافی دئے جانے اور ان کو تین مرحلوں میں-دواکتوبر، 2018، 6 اپریل، 2019 اور دو اکتوبر 2019 کو جیلوں سے رہا کرنے کا فیصلہ لیا تھا۔مرکزی وزارت داخلہ کے افسروں نے بتایا کہ یہ گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے پروگراموں کا حصہ ہے۔ اس اسکیم کےپہلے مرحلے میں، گزشتہ سال دو اکتوبر کو ریاستوں اور یونین ٹریٹری نے 919 قیدیوں کو رہا کیا تھا۔

 دوسرے مرحلے میں، اس سال چھے اپریل کو، 505 قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ بدھ کو اسکیم کے تیسرے مرحلے میں، 611 قیدیوں کو جیلوں سے رہا کیا گیا۔ افسروں نے بتایا کہ ریاستوں اور یونین ٹریٹری ریاستوں کو حکم جاری کیاگیا تھا کہ قیدیوں کی رہائی سے پہلے تمام جیلوں میں مہاتما گاندھی کے خیالات پرمبنی ہفتہ بھر‌کے خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں۔ ان کو گلپوشی کے لئے قیدیوں کومہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس لے جانے اور ان کو راشٹرپتا سے متعلق کتابیں بطورتحفہ دینے کی صلاح دی گئی تھی۔

اس معافی اسکیم کے تحت 55 سال یا اس سےزیادہ عمر کی خاتون قیدیوں اور 60 سال یا اس سےزیادہ عمر کے مرد قیدیوں کو، جنہوں نے اپنی سزا کا آدھا حصہ پورا کر لیا ہے اور کچھ دیگر زمرہ کے قیدیوں کو اہلیت کی بنیاد پر رہا کیا گیا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)