خبریں

گنگا اور اس کی معاون ندیوں میں مورتی وسرجن پر روک، خلاف ورزی پر پچاس ہزار روپے کا جرمانہ

نیشنل مشن فار کلین گنگا نے 11 ریاستوں کو اس بارے  میں ہدایات جاری کی ہیں۔ ہدایات کے تحت گنگا اور اس کی معاون ندیوں میں مورتی وسرجن کے علاوہ پوجا کے سامان ڈالنے پر سختی سے روک لگانے کو کہا ہے۔

(علامتی فوٹو:پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو:پی ٹی آئی)

نئی دہلی:  مرکز نے ریاستوں کو ہدایت جاری کر کے تہواروں کے دوران گنگااور اس کی معاون ندیوں میں آلودگی پر نظر رکھنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی گنگا یا معاون ندیوں میں مورتی وسرجن کرنے پر 50000 روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ نیشنل مشن فار کلین گنگا(این ایم سی جی)کے ڈائریکٹر جنرل راجیو رنجن مشرا کی طرف سے 16 ستمبر کو جاری ہدایت کے مطابق گنگا اور اس کی معاون ندیوں میں کسی مورتی کے وسرجن کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ اس میں ریاستی حکومت کے افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ گنیش چترتھی، وشوکرماپوجا، دسہرہ، دیوالی، چھٹ پوجا اور سرسوتی پوجا جیسے تہواروں کی وجہ سے سات دن کےاندر کارروائی رپورٹ سونپیں۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا ملا تو اس پر50000 روپے کاجرمانہ لگایا جائے‌گا اور وہ رقم وصول‌کے آلودگی کنٹرول بورڈ کو دے دی جائے‌گی۔تمام کلکٹروں کو اس کو نافذ کرنے کو کہا گیا ہے۔

 دینک جاگرن کے مطابق،این ایم سی جی نے اس بارے میں اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، بہار اور مغربی بنگال کے افسروں کے ساتھ پچھلے 12 ستمبر کو ایک اہم میٹنگ کی تھی۔میٹنگ کے بعد مورتی وسرجن کو لےکر مرکز نے ملک کے کل 11 ریاستوں کو 15 نکاتی ہدایات جاری کئے ہیں۔ بنیادی طور پر گنگا اور اس کی معاون ندیوں میں کسی بھی تہوار پر یا عام دنوں میں مورتی وسرجن کرنے اور پوجا کےسامان ڈالنے پر سختی سے روک لگانے کو کہا ہے۔

این ایم سی جی نے دہلی، اتراکھنڈ، اتر پردیش،بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان اورہریانہ کو یہ ہدایت ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1986 کی دفعہ پانچ کے تحت دئے ہیں۔ہدایت کے نئے اصولوں کے مطابق ندیوں اور ان کے کناروں پر مورتیوں کے وسرجن کو روکنے کے لئے ندی کے کناروں اور گھاٹوں کی گھیرابندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔

ساتھ ہی ندی کے کناروں پر سجاوٹی سامان، پوجا کے سامان اور پھولوں کو ڈالنےکے لئے الگ الگ ڈبے رکھنے ہوں‌گے، تاکہ ان سب سامانوں کو بعد میں ری-سائیکل کیا جاسکے۔ مورتیوں کے وسرجن کے 48 گھنٹے کے اندرہی مقامی بلدیاتی کو ان سامانوں کو جمع کر کے ان کا تصفیہ کرنا ہوگا۔

 مورتی وسرجن کے لئے گنگا ندی کے کنارے یا اس کی معاون ندیوں کے پاس چھوٹےعارضی تالاب بنانے کے لئے کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دیوی-دیوتاؤں کی مورتیوں کوسنتھیٹک سامان سے بنانے پر روک رہے‌گی۔ ان مورتیوں کو بایوڈگریڈبل پینٹ لگانے پربھی پابندی رہے‌گی۔اس کے ساتھ ہی لوگوں کو نئی ہدایتوں کی جانکاری دینے کے لئے بیداری مہم چلائی جائے‌گی۔

 (خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)