خبریں

ہم بھارت ماتا کی جئے کہتے ہیں، کانگریس کے لئے یہ سونیا ماتا کی جئے ہے: منوہر لال کھٹر

ہریانہ کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی رہنما منوہر لال کھٹر نے ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ مودی حکومت نے دنیا بھر میں ہندوستان کا قد بڑھایا ہے، کیونکہ اس کے لئے ملک ہمیشہ سب سے اوپر ہے، جبکہ کانگریس نہرو-گاندھی فیملی سے آگے نہیں سوچ سکتی ہے۔

منوہر لال کھٹر(فوٹو : پی ٹی آئی)

منوہر لال کھٹر(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ہریانہ کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی رہنما منوہر لال کھٹر نے  کہا کہ مودی حکومت نے دنیا بھر میں ہندوستان کا قد بڑھایا ہے کیونکہ اس کے لئے ملک ہمیشہ سب سے اوپر ہے جبکہ کانگریس نہرو-گاندھی فیملی سے آگے نہیں سوچ سکتی ہے۔ کھٹر نے کہا کہ جو لوگ ‘ بھارت ماتا کی جئے ‘ بولتے ہیں اور جو لوگ ‘ سونیا ماتا کی جئے ‘ بولتے ہیں، لوگوں کو ان میں اب فرق کرنا ہوگا۔

کھٹر نے امبالہ ضلع کے نارائن گڑھ میں ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا، ‘ جب ہم کہتے ہیں کہ کس کو ترجیح دی جانی چاہیے، تب ہم کہتے ہیں کہ ملک ہمیشہ سب سے پہلے آتا ہے۔ دوسری طرف کانگریس اپنے رہنماؤں کو پہلے رکھتی ہے۔ ہم کہتے ہیں بھارت ماتا کی جئے ، لیکن کانگریس میں کچھ لوگ کہتے ہیں سونیا ماتا کی جئے ۔ ‘

کھٹر اس ویڈیو کی طرف اشارہ کر رہے تھے، جس میں کانگریس کے گڑگاؤں سے امیدوار سکھبیر کٹاریہ مبینہ طور پر کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ‘ بھارت ماتا کی جئے ‘ کا نعرہ ‘ سکھبیر، سونیا، بھوپیندر ہڈا کی جئے ‘ کے نعرے سے بدل جائے‌گا۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ اتوار کو کٹاریہ نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو فرضی  ہے اور ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا، ‘ کانگریس اب نہیں کہہ سکتی ہے کہ ویڈیو فرضی ہے کیونکہ اس سے سونیا گاندھی ناراض ہو جائیں‌گی اور اگر وہ کہتی ہے کہ یہ صحیح ہے تو لوگ ناراض ہو جائیں‌گے۔ ‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس نہرو-گاندھی فیملی کے آگے سوچ ہی نہیں سکتی ہے۔

کھٹر نے کہا، ‘ (اس وقت کے) کانگریس صدر (راہل گاندھی) نے کہا کہ (لوک سبھا انتخاب میں کراری ہار‌کے بعد) انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے اور نیا صدر گاندھی فیملی کے باہر کا آدمی ہوگا۔ کانگریس نے دو مہینے کا وقت لیا، لیکن ان کو اس فیملی سے باہر کا کوئی لائق آدمی نہیں ملا اور سونیا گاندھی کو پھر سے صدر بنا دیا گیا۔ ‘ حالانکہ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا بھر میں ملک کا قد بڑھایا ہے اور امریکہ کے ہیوسٹن میں ہاؤڈی مودی پروگرام کے دوران اس کی جھلک دیکھنے کو ملی تھی۔

وزیراعلیٰ نے کہا، ‘ بڑے ملک بھی مودی جی سے رابطہ کرتے ہیں… پالیسیاں اور اسکیمیں بنانے کے لئے ان کی صلاح لیتے ہیں۔ ‘ ہیوسٹن تقریب میں امریکی صدر کے شامل ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ‘ وہ اب دنیا کے ٹاپ  رہنماؤں میں شمار ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اتنی عزت کسی دوسرے کو نہیں دی، جتنی انہوں نے مودی جی کودی۔ ‘

اس ریلی کو امبالہ کے رکن پارلیامان اور مرکزی وزیر رتن لال کٹاریہ نے بھی خطاب کیا۔ غور طلب ہے کہ ہریانہ میں 21 اکتوبر کو اسمبلی انتخاب کے لئے ووٹ ڈالے جائیں‌گے اور 24 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)