خبریں

نکہت زرین کی حمایت کر نے پر میری کام نے ابھینو بندرا سے کہا، باکسنگ میں مداخلت نہ کریں

اولمپک کوالیفائر کے لئے ٹرائل کرانے کی مانگ کرنے والی سابق جونیئر ورلڈچیمپین نکہت زرین کی حمایت کرتے ہوئے اولمپک طلائی تمغہ جیتنے والے شوٹر ابھینوبندرا نے کہا کہ میری کام کی  بہت عزت کرتا ہوں لیکن کھلاڑی کو اپنے کریئرمیں بار بار ثبوت دینے پڑتے ہیں۔ یہ ثبوت کہ ہم آج بھی کل کی طرح کھیل سکتے ہیں۔

 میری کام، ابھینو بندرا اور نکہت زرین۔ (فوٹو : ٹوئٹر)

میری کام، ابھینو بندرا اور نکہت زرین۔ (فوٹو : ٹوئٹر)

 نئی دہلی: ہندوستانی اسٹار خاتون باکسر ایم سی میری کام نے سنیچر کواولمپک چیمپین شوٹر ابھینو بندرا کی سابق جونیئر ورلڈ چیمپین نکہت زرین کی مانگ کی حمایت کرنے کو لےکر مایوسی کا اظہار کیا۔ میری کام نے کہا کہ ان کو (بندرا) باکسنگ میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ جمعرات کو بندرا نے زرین کی6 بار کا ورلڈ چیمپین باکسر کے خلاف ٹرائل کرانے کی مانگ کی حمایت کی تھی لیکن اولمپک برانز میڈل  جیتنے والی میری کام کویہ بات پسند نہیں آئی۔

میری کام نے کہا، ‘ بندرا اولمپک گولڈ میڈل جیت چکے ہیں لیکن میں نے بھی ورلڈ چیمپین شپ میں کئی گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ باکسنگ میں مداخلت یا دخل دینا، ان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ میں نشانے بازی کے بارے میں بات نہیں کرتی اس لیے ان کے لئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ باکسنگ پر چپ  رہیں۔ وہ باکسنگ کے اصول نہیں جانتے۔ ‘ساتھ ہی انہوں نے کہا، ‘وہ باکسنگ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ اس لئےبہتر ہوگا کہ خاموش رہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ابھینو بھی ہر شوٹنگ ٹورنامنٹ سے پہلےٹرائلس کے لئے جاتے ہوں‌گے۔ ‘

واضح ہو کہ، گزشتہ  اگست مہینے میں تب تنازعہ ہو گیا تھا جب بی ایف آئی نےورلڈ چیمپین شپ کے ٹرائل مقابلے کے لئے میری کام کے خلاف نکہت زرین کو موقع ہی نہیں دیا تھا۔ زرین کی ورلڈ چیمپین شپ کے لئے ٹرائل کی مانگ انڈین باکسنگ فیڈریشن نے ٹھکرا دی تھی۔بی ایف آئی کی اب ورلڈ چیمپین شپ میں برانز میڈل  جیتنے کے بعد اولمپک کوالیفائر کے لئے بھی میری کام کو بھیجنے کا منصوبہ ہے۔

 اس لئے انہوں نے وزیرکھیل کرن ریجیجو کو خط لکھ‌کر اولمپک کوالیفائر کےلئے ٹیم میں جگہ پانے کا مناسب موقع دئے جانے کی مانگ کی۔

اس پر ہندوستان کے اکلوتے اولمپک نجی  طور پر سونے کا تمغہ جیتنے والاشوٹر ابھینو بندرا نے جمعرات کو اگلےسال اولمپک کوالیفائر کے لئے ہندوستانی ٹیم کاانتخاب کرنے سے پہلے نکہت زرین کی باکسر ایم سی میری کام کے خلاف ٹرائل کی مانگ کی حمایت کی۔ بندرا نے ٹوئٹ کیا،’میری کام کی میں بہت  عزت کرتا ہوں لیکن کھلاڑی کواپنے کریئر میں بار بار ثبوت دینے پڑتے ہیں۔ یہ ثبوت کہ ہم آج بھی کل کی طرح کھیل سکتے ہیں۔ کل سے بہتر اور آنے والے کل سے بہتر۔ کھیل میں بیتا ہوا کل معنی نہیں رکھتا۔ ‘

بتا دیں کہ، بندرا اور زرین دونوں جے ایس ڈبلیو گروپ سے منسلک ہیں۔

 (خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)