خبریں

ہریانہ: بی جے پی صدر سبھاش برالا نے استعفیٰ دیا

اسمبلی الیکشن کے نتائج کا اعلان ہونے سے پہلے ریاست میں بی جے پی کے من مطابق مظاہرہ نہ ہونے کی ذمہ داری لیتے ہوئے ریاستی صدر سبھاش برالا نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

نئی دہلی: ہریانہ اسمبلی کے نتائج کا اعلان ہونے سے پہلے ہی بی جے پی صدر سبھاش برالا نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق،انھوں نے ریاست میں پارٹی کی خراط کارکردگی کی ذمہ داری لیتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔ذرائع کے حوالے سے ملی خبر کے مطابق، بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے برالا کو پھٹکار بھی لگائی ہے۔

دوہانہ اسمبلی سیٹ سے موجودہ ایم ایل اے برالا اس سیٹ پر جن نایک جنتا پارٹی کے دویندر سنگھ ببلی سے پیچھے چل رہے ہیں۔

غور طلب ہے کہ ووٹوں کی گنتی ابھی بھی جاری ہے اور کانگریس اور بی جے پی کے بیچ سخت ٹکر نظر آ رہی ہے۔ سرکار بنانے کے لیے اکثریت کا اعداد و شمار 46 ہے۔ بی جے پی 34 سیٹوں سے آگے چل رہی ہے ،وہیں کانگریس 34 سیٹوں پر بڑھت بنائے ہوئے ہے۔ 10 سیٹوں کی بڑھت کے ساتھ دشینت چوٹالا کی جن نایک جنتا پارٹی کنگ میکر کے رول میں نظر آ رہی ہے۔

اسمبلی کی 90 سیٹوں پر ریاست میں گزشتہ سوموار کو 68 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی جو 2014 اسمبلی الیکشن کے ہوئے 76.54فیصد ووٹنگ سے کم ہے۔ ہریانہ میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے 105 خواتین سمیت کل 1169 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ ان میں وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر ،سابق وزیراعلیٰ بھوپیندر بھوپیندر سنگھ ہدا، جے جے پی کے دشینت چوٹالا اور انڈین نیشنل لوک دل کے ابھے سنگھ چوٹالا شامل ہیں۔

کھٹر کی قیادت میں بی جے پی نے 75 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے ،جبکہ کانگریس ریاست میں واپسی کرنے کی امید کر رہی ہے۔