خبریں

معذور اور 80 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ڈال سکیں‌ گے ووٹ

الیکشن کمیشن کی سفارش پر وزارت قانون نے 22 اکتوبر کو اس فیصلے کو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ موجودہ نظام میں ، صرف فوجی ، سی آر پی ایف  اور بیرون ملک کام کرنے والے سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ الیکشن  ڈیوٹی میں تعینات ملازمین کو ہی پوسٹل بیلٹ سے حق رائے دہی حاصل ہے۔

(علامتی فوٹو: پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: انتخابات میں ووٹ کے فیصد کو بڑھانے کے لئے ، حکومت نے 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ اور معذور  رائےدہندگان کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی سہولت دی ہے۔ الیکشن  کمیشن کی سفارش پر وزارت قانون نے 22 اکتوبر کو اس فیصلے کو نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت نے معذور اور 80 سال سے زیادہ عمر والے ووٹرس کو پوسٹل بیلٹ سے ووٹ دینے کے لیے اصول 1961 میں ترمیم کرکے غیر حاضر رائے دہندگان کے زمرے میں شامل کر دیا ہے۔

موجودہ نظام میں ، صرف فوجی ، سی آر پی ایف  اور بیرون ملک کام کرنے والے سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ الیکشن کی  ڈیوٹی میں تعینات ملازمین کو بھی پوسٹل بیلٹ سے حق رائے دہی حاصل ہے۔ کمیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ اس کا مقصد بڑھاپے یا دیگر جسمانی معذوری کی وجہ سے رائے دہندگی سینٹر تک پہنچنے میں نااہل رائےدہندگان کی بھی رائے دہندگی میں شراکت داری کو یقینی بناناہے۔

ایک اندازے کے مطابق ، ایسے رائےدہندگان کی خاطر خواہ تعداد کو دیکھتے ہوئے، یہ سہولت ملنے کے بعد رائے دہندگی کے فیصد میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کرکے غیر حاضر رائےدہندگان کی تعریف کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اس میں ترمیم شدہ اصولوں کے تحت ایک نوڈل افسر کی تعیناتی کا بھی اہتمام کیا ہے، جو غیر حاضر رائےدہندگان کے زمرے میں شامل ہونے کے دعووں کی صدیق کرے‌گا۔

اس کے ساتھ ہی غیر حاضر رائےدہندگان ہونے کا دعویٰ کرنے کے لئے بھرے جانے والے درخواست فارم کا خاکہ تیار کر لیا گیا ہے، تاکہ 80 سال سے زیادہ عمر کے سینئر شہری اور معذوررائےدہندگان اس زمرہ میں شامل ہونے کا دعویٰ کرکے پوسٹل بیلٹ کی مانگ  کرسکیں۔ ہندوستان میں ابھی ایک مقام سے دوسرے مقام پر جاکر بسنے والے رائےدہندگان کو اپنی اصل رہائشی مقام پر ہی جاکر رائے دہندگی کرنی ہوتی ہے۔

غور طلب ہے کہ غیر حاضر رائےدہندگان ای-پوسٹل بیلٹ سے ووٹنگ کرتے ہیں۔ پچھلے لوک سبھا انتخابات میں غیر حاضر رائےدہندگان میں شامل 60.14 فیصد ووٹرس  نے ای-پوسٹل بیلٹ سے ووٹنگ  کی تھی، جبکہ 2014 کے عام انتخابات میں یہ صرف چار فیصد رہا تھا۔

اس سال کے اعداد و شمار کے مطابق، پوسٹل بیلٹ سے رائے دہندگی کرنے والے رائےدہندگان میں وزارت دفاع کے تحت فوجی دستوں کے تقریباً 10 لاکھ، وزارت داخلہ کے تحت نیم فوجی دستوں کے 7.82 لاکھ اور غیر ملکی مشن میں کارگزار وزارت خارجہ کے 3539 رائےدہندگان لسٹیڈ ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)