خبریں

پاکستان نے نہیں دی وزیر اعظم مودی کے ہوائی جہاز کو اپنے ایئر اسپیس سے گزرنے کی اجازت

پاکستان نے دوسری بار ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے طیارے کو اپنے ایئر اسپیس  کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں  حقوق انسانی  کی مبینہ خلاف ورزی کی وجہ سے ایسا کیا گیا ہے۔ وہیں ہندوستان نے پاکستان کی اس حرکت کی شکایت آئی سی اے اوسے کی ہے۔

نریندر مودی(فوٹو : پی ٹی آئی)

نریندر مودی(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پاکستان نے اتوار کو کہا کہ اس نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے خصوصی طیارے کو اپنے ایئر اسپیس سے گزرنے دینے کی ہندوستان کی درخواست کو مسترد دیا ہے۔ اس نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

‘ ریڈیو پاکستان ‘ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے طیارے کو پاکستان کے ایئر اسپیس کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے‌گی۔ قریشی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حقوق انسانی  کی مبینہ خلاف ورزی اور ‘ بلیک ڈے ‘ کے مدنظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان نے کشمیریوں کی حمایت میں اتوار کو ‘بلیک ڈے ‘ منایا۔ قریشی نے کہا کہ ہندوستانی ہائی کمیشن کو اس فیصلے کے بارے میں تحریری طورپر مطلع کیا جا رہا ہے۔

غورطلب ہے کہ وزیر اعظم مودی 28 اکتوبر کو سعودی عرب جانے والے ہیں، جہاں وہ 29 اکتوبر کو ہونے والی ایک عالمی تجارتی چوٹی کانفرنس کو خطاب کریں‌گے اور خلیجی ممالک کی قیادت سے بات چیت کریں‌گے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی اس کانفرنس میں حصہ لیں‌گے۔ پچھلے ایک مہینے میں پاکستان نے تیسری بار ایسا کیا ہے۔

 ستمبر مہینے میں پاک نے وزیر اعظم مودی کے طیارے کو تب اپنے ایئر اسپیس سے گزرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، جب وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لئے جا رہے تھے۔ اس سے پہلے پاکستان نے اسی مہینے آئس لینڈ کے دورے پرجا رہے  صدر جمہوریہ رامناتھ کووند کے طیارے کو بھی اپنے ایئر اسپیس کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔

اس وقت پاکستان نے کہا تھا کہ کشمیر میں کشیدگی کے مدنظر وزیر اعظم عمران خان نے یہ فیصلہ لیا تھا۔ اس وقت ہندوستان کے وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پاکستان کے اس فیصلے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ایسے یکطرفہ اقدامات کی فضولیت کو سمجھیں۔

بتا دیں کہ اس سال کی شروعات میں فروری میں ہوئے پلواما حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کے بعد پاکستان نے  ہندوستان کے لئے اپنا ایئر اسپیس بند کردیا تھا۔ جولائی میں اس کو دوبارہ کھولا گیاتھا۔

دریں اثنا وزیراعظم نریندر مودی کے اسپیشل ہوائی جہاز کو راستہ نہ دیے جانے پر ہندوستان نے پاکستان کی اس حرکت کی انٹرنیشنل سول ایویشن آرگنائزیشن ( آئی سی اے او)سے شکایت کی ہے۔ این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے یہ جانکاری دی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)