خبریں

جسٹس ایس اے بوبڈے ہوں‌ گے اگلے چیف جسٹس، 18 نومبر کو لیں‌ گے حلف

حال ہی میں چیف جسٹس رنجن گگوئی نے مرکزی حکومت کو ایک خط لکھ‌کر سپریم کورٹ میں اپنے بعد سب سے سینئر جج ایس اے بوبڈے کو چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی تھی۔

چیف جسٹس رنجن گگوئی  کے ساتھ جسٹس ایس اے بوبڈے(فوٹو : پی ٹی آئی)

چیف جسٹس رنجن گگوئی  کے ساتھ جسٹس ایس اے بوبڈے(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: جسٹس شرد اروند (ایس اے) بوبڈے ہندوستان کے 47ویں چیف جسٹس ہوں‌گے۔ صدرجمہوریہ  رامناتھ کووند نے ان کی تقرری کو منظوری دے دی ہے۔ جسٹس بوبڈے چیف جسٹس، جسٹس رنجن گگوئی کی جگہ لیں‌گے۔ 17 نومبر کو جسٹس گگوئی کے ریٹائر ہونے کے بعد 18 نومبر کو جسٹس ایس اے بوبڈے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیں‌گے۔ ان کی مدت کار 18 مہینے کی ہوگی۔

گزشتہ  18 اکتوبر کو چیف جسٹس رنجن گگوئی نے مرکزی حکومت کو ایک خط لکھ‌کر سپریم کورٹ میں اپنے بعد سب سے سینئر  جج ایس اے بوبڈے کو چیف جسٹس بنانے کی سفارش کی تھی۔ چیف جسٹس گگوئی نے روایت کے مطابق  اپنے بعد اگلے چیف جسٹس کے نام کی سفارش کی تھی۔ جسٹس گگوئی نےتین اکتوبر 2018 کو ملک کے 46 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا تھا ۔ وہ اس سال 17 نومبر کو ریٹائر  ہوجائیں گے۔

ایس اے بوبڈے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔ وہ کئی اہم بینچ کا حصہ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ممبئی میں مہاراشٹر نیشنل لاء یونیورسٹی اور ناگپور میں مہاراشٹر نیشنل لاء  یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں۔ جسٹس بوبڈے نے ناگپور یونیورسٹی سے بی اے اور ایل ایل بی  کی ڈگری لی ہے۔ وہ ایڈیشنل  جج کے طور پر 29 مارچ 2000 کو بامبے  ہائی کورٹ کی عدالتی بنچ کا حصہ بنے تھے۔

انہوں نے 16 اکتوبر 2012 کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کےچیف جسٹس کے طور پر حلف لیا تھا۔ 12 اپریل 2013 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پران کا پروموشن ہوا تھا۔ جسٹس بوبڈے 24 اپریل 1956 کو ناگپور میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ 23 اپریل 2021 کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ وہ سپریم کورٹ میں چل رہے ایودھیا تنازعہ، بی سی سی آئی اور پٹاخوں  کے خلاف چل رہے معاملوں کا حصہ رہ چکے ہیں۔