خبریں

دہلی میں کم از کم اجرت بڑھائی گئی، تقریباً 55 لاکھ مزدوروں کو ہوگا فائدہ

بڑھی ہوئی اجرت کے تحت ، غیر تربیت یافتہ مزدوروں کے لئے کم از کم اجرت 14842 روپے مہینے ، نیم تربیت یافتہ  مزدوروں  کے لئے 16341 روپے اورتربیت یافتہ  مزدوروں  کے لئے 17991 روپے مہینے طے کی گئی ہے۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: دہلی حکومت نے کم از کم اجرت میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری  کر دیا ہے۔ اس سے شہر میں کام کرنے والے تقریباً 55 لاکھ مزدوروں کو فائدہ ہوگا۔سپریم کورٹ  کے حکم کے بعد دہلی حکومت نے بڑھی ہوئی کم از کم اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سوموار کو اس سلسلے میں جانکاری دی۔

وزیراعلی کیجریوال نے پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین‎ کو اپریل سے ستمبر تک کی مدت  کے لیے بڑھے مہنگائی بھتہ کا بقایا بھی ملے‌گا۔ اس کے علاوہ ان کو ایک مہینے کی اجرت کے برابر دیوالی بونس بھی دیا جائے‌گا۔ بڑھی ہوئی اجرت کے تحت ، غیر تربیت یافتہ مزدوروں کے لئے کم از کم اجرت 14842 روپے مہینے ، نیم تربیت یافتہ  مزدوروں  کے لئے 16341 روپے اورتربیت یافتہ  مزدوروں  کے لئے 17991 روپے مہینے طے کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 44 امپلائر آرگنائزیشن  نے کم از کم اجرت بڑھانے سے متعلق دہلی حکومت کے سابقہ نوٹیفکیشن کے خلاف ہائی  کورٹ  میں عرضی دائر کی تھی۔ کورٹ نے ریاستی حکومت کا نوٹیفکیشن خارج کر دی، جس کے بعد دہلی حکومت نے معاملے کو سپریم کورٹ  میں چیلنج کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا،’سپریم کورٹ نے 14 اکتوبر 2019 کو کم از کم مزدوری کے تناظر میں دہلی حکومت کے حق میں فیصلہ دیا۔’انہوں نے کہا ، ‘ہم نے کم از کم اجرت میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کی ہے۔’

کیجریوال نے کہا کہ اس قدم سے غریبی ہٹانے اور اقتصادی بحران سے نپٹنے میں مدد ملے‌گی۔ مزدوری بڑھنے سے مانگ اور پیداوار میں تیزی آئے‌گی اور روزگار پیدا  ہوں‌گے۔ ریاستی حکومت نے اس کے ساتھ ہی ملازمین‎ کو کم از کم تنخواہ نہیں دینے پر 1373 ٹھیکے داروں کو ہٹا دیا ہے۔

کیجریوال نے کہا، ‘ ہم نے اس تناظر میں خصوصی مہم چلائی اور کم از کم اجرت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کو لےکے 100 سے زیادہ ٹھیکےداروں کے خلاف معاملے درج کئے گئے ۔چھے ٹھیکے داروں کے خلاف دھوکہ دھڑی کے معاملے درج کئے گئے ہیں۔ ‘ انہوں نے کہا کہ دہلی کی کم از کم اجرت ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)