خبریں

مہاراشٹر: حکومت کی تشکیل میں تاخیر پر بولے سنجے راؤت، شیوسینا میں کوئی دشینت چوٹالا نہیں، جس کے والد جیل میں ہوں

شیوسینا رکن پارلیامان سنجے راؤت نے کہا کہ ہم اتحاد کے دھرم پر عمل کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اختیار اور بھی ہیں لیکن اس اختیار کو منظور کرنے کا گناہ ہم نہیں کرنا چاہتے۔ شیوسینا ہمیشہ سچ اور پالیسی کی سیاست کرتی آئی ہے۔

شیوسینا کے رہنما سنجے راؤت (فوٹو : پی ٹی آئی)

شیوسینا کے رہنما سنجے راؤت (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اور شیوسینا اتحاد کو ملی واضح اکثریت کے بعد بھی حکومت کی تشکیل میں ہو رہی تاخیر کو لےکر شیوسینا رکن پارلیامان سنجے راؤت نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہریانہ کے مقابلے  مہاراشٹر میں حکومت کی تشکیل میں ہو رہی تاخیر کے بارے میں پوچھنے پر شیوسینا رکن پارلیامان سنجے راؤت نے کہا، ‘ یہاں کوئی دشینت چوٹالا نہیں ہے، جن کے والد جیل میں ہوں۔ یہاں ہم ہیں، جو دھرم اور سچ کی سیاست کرتے ہیں۔ ‘

سنجے راؤت نے کہا، ‘ شیوسینا کے چیف ادھو ٹھاکرے نے کہا ہے کہ ہم اتحاد کے دھرم پر عمل کرتے ہیں۔ ہمارے پاس اختیار اور بھی ہیں لیکن اس اختیار کو منظور کرنے کی مجبوری یا گناہ ہم نہیں کرنا چاہتے۔ شیوسینا سچ اور پالیسی کی سیاست ہمیشہ کرتی آئی ہے۔ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں اور اقتدار کے لئے جمہوریت کا قتل کرنا۔ اس طرح کی سیاست سے شیوسینا نے خود کو دور رکھا ہے۔ ‘

یہ پوچھے جانے پر کہ بی جے پی کے ساتھ شیوسینا نے انتخاب سے پہلے ہی اتحاد کر لیا تھا پھر حکومت بنانے میں اتنا وقت کیوں لگ رہا ہے؟ جبکہ ہریانہ میں حکومت بھی بن گئی۔ اس پر راؤت نے کہا، ‘ یہاں کوئی دشینت چوٹالا نہیں ہے، جس کے والد جیل میں ہیں۔ یہاں ہم ہیں، جو دھرم اور سچ کی سیاست کرتے ہیں۔ یہاں شرد پوار جی ہیں، جس نے بی جے پی کے خلاف پورا ماحول تیار کیا اور انتخاب لڑا۔ یہاں کانگریس پارٹی ہے، جس کے پاس ایک اعداد و شمار ہے اور وہ کبھی بی جے پی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے‌گی۔ اگر یہ سب دیکھیں تو پتہ چلے‌گا کہ مہاراشٹر کی سیاست پیچیدہ ہوئی ہے۔ ‘

بی جے پی کے ذریعے شیوسینا کو سبق سکھانے کے سوال پر سنجے راؤت نے کہا، ‘ کون کس کو سبق سکھائے‌گا۔ اقتدار سے دور رکھنا، کوئی سبق ہوتا ہے؟ اگر کوئی ہمیں اقتدار سے دور رکھنا چاہتا ہے تو یہ ہمارا احترام ہے۔ ہمارا جنم حزب مخالف میں ہوا ہے۔ ہم سڑک کی سیاست کرتے آئے ہیں۔ اگر کوئی ہمیں اقتدار سے دور رکھنے کی سازش کرتا ہے، وہ بھی جو اتحاد میں ہے، تو یہ دھرم کی سیاست نہیں ہے۔ ‘

سنجےراؤت نے کہا، ‘ بات ریموٹ کنٹرول کی نہیں ہے، بات اعداد و شمار کی ہے، ہم بازار کھول‌کر نہیں بیٹھے ہیں۔ ہم صرف آبزرو کر رہے ہیں کیا ہو رہا ہے۔ لوگ کس حد تک جا سکتے ہیں، کس حد تک گر سکتے ہیں۔ ‘ انہوں نے کہا، ‘ ہماری صرف اتنی مانگ ہے کہ انتخاب سے پہلے جو طے ہوا ہے، اس کے حساب سے گفتگو ہو۔ ‘ وہیں، سنجے راؤت کے بیان پر دشینت چوٹالا نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیان سے ان کا قد نہیں بڑھے‌گا۔

جن نایک جنتا پارٹی (جے جے پی) کے صدر اور ہریانہ کے نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالا نے کہا، ‘ اس کا مطلب سنجے راؤت کو یہ تو پتہ ہے کہ دشینت چوٹالا کون ہے۔ میرے پتا جی جیل میں آج سے نہیں بلکہ چھے سال سے ہیں۔ سنجے جی نے کبھی ان کی خیریت کے بارے میں نہیں پوچھا۔ اجئے چوٹالا اپنی سزا کی مدت پوری کرنے سے پہلے نہیں آئے ہیں۔ میں سنجے جی سے کہوں‌گا کہ اس طرح کے بیان سے ان کا قد نہیں بڑھے‌گا۔ ان کی پارٹی بی جے پی کے ساتھ لمبے وقت سے چل رہی ہے لیکن ہماری پارٹی کی تشکیل گیارہ مہینے پہلے ہوئی ہے لیکن اس گیارہ مہینے کے سفر کے اندر کسی کو دھوکہ دےکر، کسی سے لڑ‌کر، کسی کو ڈرا-دھمکاکر آگے بڑھنے کی منشا نہیں ہے، ایماندار سیاست کو آگے لےکر چل رہے ہیں۔ ‘

غور طلب ہے کہ دشینت چوٹالا کے والد اجئے چوٹالا ہریانہ میں ٹیچرس تقرری  گھوٹالہ معاملے میں مجرم ہیں اور اپنے والد اور ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ اوم پرکاش چوٹالا کے ساتھ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔ گزشتہ اتوار کو ہی ان کو دو ہفتے کے لئے فرلو (جیل سے چھٹی) ملی ہے۔ اوم پرکاش چوٹالا اور ان کے بیٹے اجئے چوٹالا کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 10-10 سال کی ساز سنائی تھی۔ اس گھوٹالے میں کل 55 لوگوں کو عدالت نے مجرم قرار دیا تھا۔