خبریں

اترپردیش: سیپٹک ٹینک میں زہریلی گیس نکلنے سے 5 لوگوں کی موت

یہ معاملہ اترپردیش کے سلطان پور ضلع کا ہے۔ زہریلی گیس کی زد میں آکر بیمار ہوئے ایک شخص کا علاج ہاسپٹل میں چل رہا ہے۔

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

(علامتی فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اترپردیش کے سلطان پور ضلع کے دوستپور تھانہ حلقہ میں جمعہ کو پرانے سیپٹک ٹینک کی تعمیر نو کے وقت زہریلی گیس نکلنے لگی جس کی زد میں آکر 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔ سلطان پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ہمانشو کمار نے بتایا کہ کٹگھرا چرانی پٹی کے رہنے والے رام تیرتھ نشاد کے پرانے سیور ٹینک کی تعمیر نو کے وقت گیس پائپ لائن نہیں نکالنے کی وجہ سے زہریلی گیس نکلی جس کی زد میں آکر 6 لوگ بیمار ہو گئے۔

کمار نے بتایا کہ علاج کے دوران5 لوگوں راجیش نشاد(32)،اشوک نشاد(40)،رویندر نشاد(25)،محمد شریف(52)اور رام کشن(40)کی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص کا علاج کمیونٹی ہیلتھ سینٹر دوستپور میں ہو رہا ہے۔دینک جاگرن کے مطابق،رام تیرتھ نشاد نے دو سال پہلے ٹوائلٹ کے لیے 10 فٹ گہرا سیپٹک ٹینک بنوایا تھا۔ اس میں پانی بھر گیا تھا اس لیے جمعہ کو ٹوائلٹ کی سیٹ بٹھانے کے لیے لوہربرآمدپور سے راج گیر کشن کو بلا یا تھا۔

حادثہ تب ہوا جب شام 4 بجے کشن ٹینک کے سیمنٹ والے ڈھکن کو کھول رہے تھے۔ ڈھکن کھولتے ہی گیس کی زد میں آکر وہ چکر کھا کر ٹینک میں گر گئے۔ ان کو گرتا دیکھ کر رام تیرتھ کے بیٹے راجیش وہاں پہنچے۔ وہ بھی گیس کی چپیٹ میں آکر ٹینک میں گر گئے۔

ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں باقی لوگ بھی زہریلی گیس کی چپیٹ میں آکر ٹینک میں گر گئے۔ پولیس کو اطلاع دی گئی اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی مشقت کے بعد سبھی کو ٹینک سے نکال کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا۔وہاں کے ڈاکٹر سی بی این ترپاٹھی نے بتایا کہ سبھی کو مردہ حالت میں ہاسپٹل لایا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ یوگی نے حادثے میں مارے گئے لوگوں کی روح کے سکون کے لیے اہل خانہ  کو کے تئیں اظہار تعزیت  کیا۔انھوں نے اس حادثے میں زخمی شخص کے مناسب علاج کے لیے ہدایت دی ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)