خبریں

ملک کے نو شہروں میں 9.5 فیصد گھٹی مکانوں کی سہ ماہی فروخت: رپورٹ

اس سے پہلے تین دوسری  رپورٹس میں جولائی-ستمبر سہ ماہی کے دوران مکانوں کی فروخت میں ایک سے لےکر 25 فیصد گراوٹ کی جانکاری دی گئی تھی۔

 (فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی :  کمزور مانگ سے ملک کے نو اہم شہروں میں جولائی-ستمبر سہ ماہی میں مکانوں کی فروخت 9.5 فیصد گر گئی جس سے محض 52855 مکانوں کی فروخت ہوئی۔ ریئل اسٹیٹ سے جڑے آن لائن پلیٹ فارم  پراپ اکوٹی نے اپنی رپورٹ میں یہ بات کہی ہے۔یہ اس طرح کی چوتھی رپورٹ ہے، جس میں 2019 کی  تیسری سہ ماہی میں مکان کی فروخت میں گراوٹ دکھائی گئی ہے۔

 اس سے پہلے، پراپ ٹائیگر اور اناراک نے جولائی-ستمبر سہ ماہی کے دوران مکانوں کی فروخت میں بالترتیب:25 فیصد اور 18 فیصد کی گراوٹ کی جانکاری دی تھی۔ وہیں، جے ایل ایل انڈیا نے ایک فیصد گراوٹ کی بات کہی تھی۔پراپ اکوٹی کے مطابق، جولائی-ستمبر 2019 میں مکانوں کی فروخت 9.5 فیصد گر گئی،جس وقت محض 52855 مکانوں کی فروخت ہوئی۔ ایک سال پہلے کی اسی مدت میں 58461 مکان فروخت ہوئے تھے۔

 پراپ اکوٹی کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر سمیر جسوجہ نے کہا، ‘ خریداروں کے مکان خریدنے کے فیصلے کو ٹالنے سے ستمبر سہ ماہی میں مانگ متاثر ہوئی ہے۔ ‘رپورٹ میں کہا، ‘اقتصادی بحران  اور بازار میں رقم کی عدم دستیابی سےفروخت میں گراوٹ دیکھی گئی۔ ‘

اعداد و شمار کے مطابق، سات شہروں میں مکانوں کی  فروخت میں گراوٹ درج کی گئی ہےجبکہ دو شہروں میں فروخت میں تیزی آئی ہے۔ چنئی میں جولائی-ستمبر 2019 کے دوران مکانوں کی فروخت سب سے زیادہ 25 فیصد گری جس دوران 3060 مکانوں کی فروخت ہوئی۔ ایک سال پہلے کی اسی مدت میں 4080 مکان بیچے گئے تھے۔

 ممبئی میں مکان کی فروخت 22 فیصد گر‌کر 6491 اکائی سے 5063 اکائی، حیدر آباد میں 16 فیصد گر‌کر 5067 اکائی سے 4257 اکائی،کولکاتہ میں فروخت 12 فیصد گھٹ‌کر 3487 اکائی سے 3069 اکائی جبکہ نوئیڈا میں فروخت 11 فیصد لڑھک‌کر 1112 اکائی سے 990 اکائی رہ گئی۔ اسی طرح، بنگلور اور تھانے میں بھی مکان کی فروخت میں گراوٹ رہی۔

حالانکہ، گروگرام میں فروخت سات فیصد بڑھ‌کر 1112 اکائی سے 1190 اکائی جبکہ پونے میں فروخت ایک فیصد چڑھ‌کر 14523 اکائی سے 14669 اکائی ہو گئی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)