خبریں

ایودھیا تنازعہ پر آج ساڑھے دس بجے آئے گا سپریم کورٹ کا فیصلہ

قابل ذکر ہے کہ آئینی بنچ نے 16اکتوبر کو اس معاملے کی شنوائی مکمل کی تھی۔دریں اثناایودھیا تنازعےکے فیصلے کے مدنظر ایودھیا میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: سپریم کورٹ سیاسی نظر یے سے حساس رام جنم بھومی –بابری مسجد زمینی تنازعہ کے معاملے میں سنیچر کی صبح ساڑھے دس بجے فیصلہ سنائے گا۔

چیف جسٹس رنجن گگوئی ، جسٹس ایس اے بوبڈے ،جسٹس دھنجئے وائی چندر چوڑ، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنذیر کی پانچ رکنی آئینی بنچ ساڑھے دس بجے یہ فیصلہ سنائے گی۔قابل ذکر ہے کہ آئینی بنچ نے 16اکتوبر کو اس معاملے کی شنوائی مکمل کی تھی۔بنچ نے چھ اگست سے لگاتار 40دن تک اس معاملے میں شنوائی کی ۔

دریں اثناایودھیا تنازعےکے فیصلے کے مدنظر ایودھیا میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، رام جنم بھومی مندر کی طرف جانے والے سارے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ اب وہاں سے صرف پیدل گزرا جا سکےگا۔ اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہر ضلع میں ایک کنٹرول روم بنانے اور لکھنؤ اور ایودھیا میں دو ہیلی کاپٹر تیار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ پورے یوپی میں پولیس ناخوشگوار واقعات سے نپٹنے کے لیے تیار ہے۔عارضی جیلیں بھی بنا دی گئی ہیں تاکہ  ضرورت پڑنے پر گرفتار لوگوں کو رکھا جا سکےگا۔

ایودھیا میں ناکابندی اور سخت ہو گئی ہے۔ رام جنم بھومی مندر جانے والے سارے راستے گاڑیوں کے لیے سیل کر دیے گئے ہیں۔متنازعہ زمین  کے چاروں طرف 67 ایکڑ زمین پہلے سے مرکزی حکومت کے قبضہ اور سینٹرل فورسز کی نگرانی میں ہیں۔ اب اس کی طرف جانے والے راستوں کو گاڑیوں کے لیے پوری طرح بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ پورے ایودھیا میں پولیس عوام  کے بیچ جاکر انہیں سمجھانے اور سکیورٹی  کا بھروسہ دلانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایودھیا کے سارے اہم  مندروں کے آس پاس بڑے پیمانے پر سکیو رٹی لگا دی گئی۔ جن جگہوں پرسیکورٹی  بڑھائی گئی ہے ان میں رام جنم بھومی کمپلیکس، ہنومان گڑھی، دشرتھ محل، کنک بھون، مندر نرمان کاریہ شالہ رام کی پیڑی، کارسیوک پرم، سریو گھاٹ وغیرہ شامل ہیں۔

 انتظامیہ  کا کہنا ہے کی وہاں سکیورٹی  پوری رہے گی لیکن زندگی اپنی رفتار سے چلےگی۔ اسکول، کالج، بازار سب کھلیں گے اور کوئی پابندی نہیں رہےگی۔ ایودھیاکے ضلع مجسریٹ انوج جھا نے کہا، ‘شادی بیاہ  کا سیزن ہے۔ جیسا طے کیا ہے ویسا ہی رہےگا۔ کہیں کوئی مسئلہ ہوگا تو ہم فوراً قدم اٹھائیں گے۔ سب کے پاس ہمارے نمبر بنٹے ہیں۔ جو بھی اپروچ کرےگا، اس کی پریشانی کا ہم حل  کریں گے۔ ایسا انتظا م کیا جا رہاہے کہ سارےپروگرام  معمول کے مطابق چلتے رہیں۔’

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)