خبریں

کوئی اقتصادی بحران نہیں کیونکہ لوگ شادی کر رہے اور ٹرینیں بھر کر جا رہی ہیں:مرکزی وزیر

مرکزی وزیرسریش انگڑی نے کہا ہےکہ لوگ اقتصادی بحران  کا دعویٰ کرکے وزیر اعظم نریندر مودی کی امیج خراب کر رہے ہیں۔ ہر تین سال میں معیشت  میں اور مانگ میں گراوٹ آتی ہے۔ یہ ایک چکر ہے۔ اس کے بعدمعیشت پھر پٹری پر آ جاتی ہے۔

فوٹو بہ شکریہ/@SureshAngadi_

فوٹو بہ شکریہ/@SureshAngadi_

نئی دہلی :مرکزی وزیر سریش انگڑی نے جمعہ  کو کہا کہ معیشت  بہت اچھی ہے اور اس کااشارہ  اس بات سے مل جائے گا کہ ہوائی اڈوں پر بھیڑ ہے، ٹرینیں بھرکر جا رہی ہیں اور لوگ شادیاں کر رہے ہیں۔

انڈین  ایکسپریس کے مطابق، کرناٹک کے بیلگام سے ایم پی  اور وزارت ریلوے میں مرکزی وزیر  انگڑی نے آگے کہا کہ لوگ اقتصادی بحران  کا دعویٰ کرکے وزیر اعظم نریندر مودی کی امیج  خراب کر رہے ہیں۔

انگڑی  نے کہا، ‘معیشت اچھا کر رہی ہے۔ ایئرپورٹ بھرے ہوئے ہیں، ٹرینیں بھری ہوئی ہیں، لوگ شادی کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ بنا وجہ نریندر مودی کی امیج  کو خراب کر رہے ہیں۔’

ہندوستان کے پانچ ٹرلین والی معیشت  بننے کی بات کہتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا، ‘ہر تین سال میں معیشت  میں اور  مانگ میں گراوٹ آتی  ہے۔ یہ ایک چکر ہے۔ اس کے بعد معیشت پھر پٹری پر آ جاتی ہے۔’

انگڑی نے یہ بیان اتر پردیش میں دیا جہاں پر وہ  ایسٹرن ڈیڈی کیٹڈفریٹ کاریڈور (ڈی ایف سی ) کے ٹنڈلہ کھرجابلاک کاجائزہ  لے رہے تھے۔ 194 کیلومیٹر کے اس بلاک  پر پہلے ہی انڈین ریلوے کی 400 مال گاڑیاں چلتی ہیں۔

ڈی ایف سی  کے پوری طرح سے شروع ہونے پر اس لائن سے مال گاڑیوں کے  بڑی تعداد میں  چلنے کی امید ہے۔ اس سے ریلوے لائن میں زیادہ رفتاراور ٹرینوں کے لیے اضافی صلاحیت  پیدا ہوگی۔

انگڑی  نے کہا کہ ڈی ایف سی  سے معاشی سرگرمیوں  میں اضافہ  ہوگا۔