خبریں

دہلی-این سی آر میں آلودگی سے متعلق پارلیامانی کمیٹی کی میٹنگ سے غائب رہے گوتم گمبھیر اور اعلیٰ حکام

دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی سنگین صورت حال پر غور وفکر کے لئے پارلیا مانی کمیٹی کی میٹنگ  میں 28 میں سے محض چارایم پی نے حصہ لیا۔ کمیٹی میں شامل دہلی  سے بی جے پی کے واحد رکن پارلیامان گوتم گمبھیر اندور میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چل رہے ٹیسٹ میچ میں کمنٹری کرتے دیکھے گئے۔

 جمعہ کو اندور میں سابق کرکٹر وی وی ایس لکشمن کے ساتھ جلیبی کھاتے بی جے پی رکن پارلیامان گوتم گمبھیر۔ (فوٹو : ٹوئٹر)

جمعہ کو اندور میں سابق کرکٹر وی وی ایس لکشمن کے ساتھ جلیبی کھاتے بی جے پی رکن پارلیامان گوتم گمبھیر۔ (فوٹو : ٹوئٹر)

نئی دہلی: دہلی -این سی آر میں فضائی آلودگی کی سنگین صورت حال پر جمعہ کو غو روفکر  کے لیے منعقد پارلیامانی کمیٹی کی میٹنگ  میں 28 میں سے محض چار رکن پارلیامان نے شرکت کی۔ غیر حاضررکن پارلیامان میں گوتم گمبھیر بھی شامل ہیں۔ اعلیٰ حکام  بھی میٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ ان میں وزارت ماحولیات کے اعلیٰ حکام ، دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر شامل ہیں۔

 شہری ترقیات پر پارلیامنٹ کی مستقل کمیٹی نے دہلی میں فضائی آلودگی اوراس کو گھٹانے کی تدابیر پر بات چیت  کے لئے مختلف سرکاری محکمہ جات کے اعلیٰ حکام  کی میٹنگ بلائی  تھی۔ اس میٹنگ میں مختلف پارٹیوں  کے 24 رکن پارلیامان نے حصہ نہیں لیا۔کمیٹی میں شامل دہلی سے بی جے پی کے واحد رکن پارلیامان گوتم گمبھیر کی غیرموجودگی کو لےکر سیاسی تنازعہ شروع ہو گیا۔ قومی راجدھانی میں حکمراں عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر حملہ بولا اور فضائی آلودگی کے مسئلہ کے حل کے متعلق بی جے پی کی سنجیدگی پر سوال اٹھایا۔

کرکٹر سے رہنما بنے گوتم گمبھیر دہلی  میں فضائی آلودگی کی خراب حالت کولےکر لگاتار آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ اس مسئلہ سے نپٹنے کی تدبیر کی مانگ کرتے رہےہیں۔ حالانکہ، میٹنگ کے دوران اندور میں ان کو ٹی وی پر کمنٹری کرتے دیکھا گیاتھا، جہاں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ چل رہا ہے۔ مرکز میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اوراپوزیشن  کانگریس سمیت مختلف جماعتوں کے 24 رکن پارلیامان اس میٹنگ میں شاملن ہیں ہوئے۔

گمبھیر پر حملہ بولتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ان کے (گمبھیر)جیسے رکن پارلیامان مزہ لینے میں مصروف ہیں جبکہ عآپ کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ نے اس میٹنگ  میں شرکت کی۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی رہنمائی والی پارٹی نے سوال اٹھایا، ‘گوتم گمبھیر، فضائی آلودگی پر کیا یہی آپ کی گمبھیرتا کی سطح ہے۔ ‘

دوسری طرف گمبھیر نے بیان جاری کرکے کہا کہ ان کا کام ان کے بارے میں بتاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو گالی دینے سے دہلی  کی آلودگی کی سطح کم ہو جاتی ہے تو عام آدمی پارٹی ایسا کرنے کے لئے آزاد ہے۔

 سنگھ کے علاوہ جن تین رکن پارلیامان نے حصہ لیا ان میں کمیٹی کے صدر اوربی جے پی رکن پارلیامان جگدمبکا پال اور سی آر پاٹل اور نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی شامل ہیں۔اس بیچ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کمیٹی کے ممبرسکریٹری برائے ماحولیات،دہلی  ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئر مین اور میونسپل کارپوریشن کے حکام  کی غیر حاضری سے ناراض دکھے اور اس مدعا کو لوک سبھا صدر کے سامنے اٹھانے کا منصوبہ بنا رہےہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ممبروں نے اجلاس میں موجود افسروں سے کہا کہ وہ اپنے اعلیٰ حکام  کو بتائیں کہ ان کو اس میٹنگ  میں شامل ہونا چاہیے تھا۔ وزارت ماحولیات کے افسروں کی غیرموجودگی کے بارے میں پوچھے جانے پر مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاویڈکر نے کہا کہ وہ معاملے کا پتہ لگائیں‌گے۔

 جاویڈکر نے کہا، ‘ آلودگی کے بارے میں ہم ہمیشہ سنجیدہ ہیں۔ میں نے زوردےکر کہا ہے کہ آلودگی صرف دہلی کا مسئلہ نہیں ہے۔ میں نے ایک مشترکہ عملی منصوبہ کا حکم دیا ہے۔ ٹیمیں ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ‘ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزارت ماحولیات کے نائب سکریٹری اور سینٹرل پالیوشن  کنٹرول بورڈ کے افسر میٹنگ میں موجود تھے۔ جوائنٹ سکریٹری اس میٹنگ میں حصہ نہیں لے سکے کیونکہ ان کو ایک اہم معاملے میں سپریم کورٹ  میں پیش ہونا تھا۔

 ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ تفصیلی جانکاری وزارت شہری ترقیات کو بھیجی جائے‌گی۔ میٹنگ میں پالیوشن  کنٹرول کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جانا تھا۔

 (خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)