خبریں

ہریانہ کے وزراء کا ہاؤسنگ الاؤنس دو گنا ہوا، اب ہر مہینے ایک لاکھ روپے ملیں گے

 بی جے پی-جے جے پی کابینہ نے اپنی پہلی میٹنگ میں وزرا کا ہاؤسنگ الاؤنس دوگنا کرنے کا فیصلہ لیا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: ہریانہ کی نئی بنی جے پی- جے جے پی  کابینہ نے گزشتہ سوموار کو  اپنی پہلی میٹنگ میں وزرا کا ہاؤسنگ الاؤنس دوگنا کرنے کا فیصلہ لیا۔اس کے ساتھ ہی کابینہ نے گرام سبھا کو گرام پنچایت حلقے کے اندر شراب کی فروخت پر روک لگانے کا اختیار دینے کے لیے ہریانہ پنچایتی راج ایکٹ کی متعلقہ دفعہ میں تبدیلی کا بھی فیصلہ کیا۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق،کابینہ نے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹرکی صدارت میں یہاں اپنی میٹنگ میں ہریانہ منسٹرس الاؤنس رولز 1972 میں ترمیم کرنے اور وزرا کا ہاؤسنگ الاؤنس 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 80 ہزار روپے کرنے اور بجلی ،پانی کے بل کے مزید 20 ہزار روپے متعین کرنے کا فیصلہ کیا۔

بیان کے مطابق، وزرا ءکو اب ایچ آر اے کے طور پر ایک لاکھ روپے ہر مہینے ملیں گے۔نئے رولز کو ہریانہ منسٹرس الاؤنس (ترمیم )رولز 2019کہا جائے گا۔اس میں کہا گیا ہے،’ایک اپریل 2016 اور اس کے بعد سے وزراء کے سارے بھتے حکومت نے ترمیم کی تھی، بس ہاؤسنگ بھتہ رہ گیا تھا۔پچھلی بار یہ 2 جون 2011 کو ترمیم کی گئی تھی۔’

کھٹر کے ذریعے 14 نومبر کو اپنے کابینہ کی توسیع کیے جانے کے بعد اس کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ کھٹر اور دشینت چوٹالا نے 27 اکتوبر کو وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف لیا تھا۔

کابینہ نے انویسٹمنٹ کو بڑھاوا دینے، نوجوانوں کو روزگار دینے اور ہندوستان میں نہ رہنے والے والےہندوستانی/ہندوستانی نژاد کے لوگوں  کی فلاح و بہبود کے لیے ریاستی حکومت کی مختلف پہل کو صحیح سمت دینے کے لیے نیا فارین کوآپریشن ڈپارٹمنٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)