خبریں

بھوپال: ریلوے بورڈ ممبر نے خشونت سنگھ کے ناول کو فحش  بتایا، بک اسٹال سے ہٹانے کی ہدایت دی

مدھیہ پردیش کے بھوپال ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو ملنے والی سہولیات کاجائزہ لینےکے دوران  ریلوےحکام نے معروف ادیب خشونت سنگھ کے ناول ‘وومین، سیکس، لو اور لسٹ’بیچنے سے روک دیا اور کہا کہ اس طرح کا فحش ادب نئی نسلوں  کامستقبل  تباہ  کر سکتا ہے۔ میڈیا کے ذریعے میں لوگوں کو ایک پیغام  دینا چاہتا ہوں کہ وہ  ایسے ادب  سے دور رہیں۔

فوٹو بہ شکریہ، ٹوئٹر

فوٹو بہ شکریہ، ٹوئٹر

نئی دہلی: ریلوے بورڈ کی پسنجر سروس کمیٹی (پی ایس سی)کے چیئر مین رمیش چندر رتن نے بدھ کو بھوپال ریلوے اسٹیشن پر جائزہ  کے دوران ایک کتب فروش  کو معروف ادیب خشونت سنگھ کے ناول ‘وومین، سیکس، لو اور لسٹ’ بیچنے سے روک دیا اور کہا کہ اس طرح کافحش ادب نئی نسلوں کا مستقبل تباہ کر سکتا ہے۔بھوپال ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی سہولیات کا جائزہ لینے کے دوران رمیش چندر رتن نے بک اسٹال پر خشونت سنگھ کے ناول  اور حمل کے دوران احتیاطی تدابیر سے متعلق کتابوں کے علاوہ کچھ اورکتابوں کی فروخت  پر اعتراض کیا اور اسٹال کے مالک کو وارننگ  دی۔

انہوں نے صحافیوں  سے کہا، ‘ریلوے حکام کو بھی اس کے لیے وارننگ  اور ہدایت دی  ہے کہ فحش  چیزیں کسی بک اسٹال پر نہیں ملنے دیں۔ ہم کوئی چیز ایسی نہیں چلنے دینا چاہتے ہیں جس سے نئی نسل  کو کوئی نقصان پہنچے۔’انہوں نے بھوپال ریلوے اسٹیشن کی صفائی اورمسافروں کی سہولیات کاجائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہار کیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، انہوں نےاسٹال وینڈر کو وارننگ بھی دی کہ اگر مستقبل میں ایسا ادب  بیچتے ہوئے دیکھا تو جرمانہ لگایا جائےگا۔

یہ  پوچھے جانے پر کہ اگر یہ کتابیں کسی بڑے ادیب  کی ہوں تو انہوں نے کہا، ‘دیکھیے، مصنف چاہے جو ہو…میں آپ سبھی کو یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ قانون کے مطابق یہاں اس کو بیچنے کی منظوری نہیں ہے۔ یہ ریلوے کا اسٹال ہے جو  ایک سسٹم سے چلتا ہے۔’رتن نے آگے کہا، ‘میڈیا کے ذریعے میں لوگوں کو پیغام  دینا چاہتا ہوں کہ وہ  ایسے ادب  اور ایسی تصویروں سے دور رہیں۔ یہ ہماری بہنوں اور بیٹیوں کو بے عزت کرنے والی ہیں۔ گھروں  میں ایک سسٹم ہوتا ہے۔ اس کے لیے سنیما ہال ہے۔ ریلوے احاطہ  میں  ایسی چیزوں پر پابندی ہے کیونکہ یہاں ایک سسٹم ہے۔

انہوں نے کہا، ‘ہم نئی نسل کا مستقبل نہیں خراب کرنا چاہتے ہیں۔ چیتن بھگت بھی ملک بھر میں مشہور قلمکار ہیں۔’دو مہینے پہلے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر جائزہ کے دوران ریلوے حکام نے اسی بنیاد پر احاطہ  میں واقع ایک اسٹال پر چیتن بھگت کے ناول  ہاف گرل فرینڈ کے بیچے جانے پراعتراض کیا تھا۔

(خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)