خبریں

سال 2015 سے 2017 کے دوران شمال مشرقی ریاستوں سے تقریباً 28 ہزار لوگ لاپتہ ہوئے: وزارت داخلہ

وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے بدھ کو راجیہ سبھا میں بتایا کہ سال 17- 2015 کے دوران آٹھ شمال مشرقی ریاستوں سے لاپتہ ہوئے 27967 لوگوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ سب سے زیادہ 19344 لوگ آسام سے لاپتہ ہوئے ہیں۔

فوٹو : رائٹرس

فوٹو : رائٹرس

نئی دہلی: سال 17- 2015 کے دوران ملک کے آٹھ شمال مشرقی ریاستوں سے بچوں اور خواتین سمیت تقریباً 28000 لوگ لاپتہ ہوئے۔ یہ جانکاری بدھ کو راجیہ سبھا میں وزیر مملکت برائے داخلہ نے دی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں لاپتہ ہوئے کل 27967 لوگوں میں سے 19344 لوگ آسام سے، 4455 لوگ تریپورہ سے، 1385 لوگ میگھالیہ سے، 999 لوگ منی پور سے، 974 لوگ سکم سے، 457 لوگ اروناچل پردیش سے، 343 لوگ ناگالینڈ سے اور 10 لوگ میزورم سے لاپتہ ہوئے ہیں۔

ساتھ ہی ریڈی نے بتایا کہ سال 2018 اور 2019 کے اعداد و شمار اب تک دستیاب نہیں ہوئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ آسام میں سال 2015 کے دوران 2169 بچے، 2613 خواتین اور 1528 مرد لاپتہ ہوئے جبکہ 2016 میں 2413 بچے، 3439 خواتین اور 2130 مردوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ سال 2017 میں 1651 بچے، 2453 خواتین اور 948 مرد لاپتہ ہوئے۔

تریپورہ میں سال 2017 میں 166 بچے، 933 خواتین اور 642 مرد لاپتہ ہوئے۔ سال 2016 کے دوران 197 بچے، 814 خواتین اور 540 مرد لاپتہ ہوئے جبکہ 2015 میں 179 بچے، 583 خواتین اور 410 مردوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ میگھالیہ میں 2017 میں 148 بچے، 136 خواتین اور 160 مرد لاپتہ ہوئے۔ 2016 میں 184 بچے، 159 خواتین اور 155 مرد اور 2015 میں 179 بچے، 138 خواتین اور 126 مرد لاپتہ ہوئے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، منی پور میں 2017 میں 97 بچے، 131 خواتین اور 109 مرد لاپتہ ہوئے۔ 2016 میں 186 بچے، 154 خواتین اور 154 مرد اور 2015 میں 70 بچے، 46 خواتین اور 52 مرد لاپتہ ہوئے۔ سکم میں 2017 میں 88 بچے، 225 خواتین اور 156 مرد، 2016 میں 150 بچے، 66 خواتین، 37 مرد اور 2015 میں 119 بچے، 77 خواتین اور 56 مرد لاپتہ ہوئے۔

اروناچل پردیش میں 2017 میں 74 بچے، 112 خواتین اور آٹھ مرد، 2016 میں 61 بچے، 34 خواتین، 13 مرد اور 2015 میں 105 بچے، 32 خواتین اور 18 مرد لاپتہ ہوئے۔ ناگالینڈ میں 2017 میں 103 بچے، 40 خواتین اور 22 مرد، 2016 میں 77 بچے، 20 خواتین، 19 مرد اور 2015 میں 34 بچے، 17 خواتین اور 11 مرد لاپتہ ہوئے۔

میزورم میں 2017 میں صرف ایک بچے کے لاپتہ ہونے کی خبر ملی۔ ریاست میں 2016 میں کسی کے بھی لاپتہ ہونے کی خبر نہیں ملی۔ 2015 میں تین بچے، ایک خاتون اور پانچ مرد لاپتہ ہوئے۔ وزیر نے یہ بھی بتایا کہ17- 2015 کے دوران کل 5130 بچوں کا پتہ  لگایا گیا۔

آسام کے 3376 بچوں کا، تریپورہ کے 472 بچوں کا، میگھالیہ کے 377 بچوں کا، منی پور کے 277 بچوں کا، سکم کے 269 بچوں کا، ناگالینڈ کے 192 بچوں کا، اروناچل پردیش کے 163 بچوں اور میزورم کے چار بچوں کا پتہ لگا لیا گیا۔ ان بچوں کو ان کی فیملیوں کے پاس بھیج دیا گیا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)