خبریں

مہاراشٹر: دیویندر فڈنویس بنے وزیراعلیٰ اور اجیت پوار نے لیا نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف

این سی پی رہنما شرد پوار نے جمعہ کی شام اعلان کیا تھا کہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس کے درمیان ایک سمجھوتہ ہوا ہے کہ ادھو ٹھاکرے اگلے پانچ سال کے لئے وزیراعلیٰ ہوں‌گے، جو اتحاد کے متفقہ امیدوار تھے۔

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ساتھ وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار (فوٹو : CMOMaharashtra)

مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ساتھ وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار (فوٹو : CMOMaharashtra)

نئی دہلی: مہاراشٹر کی سیاست میں سنیچر کی صبح ہوئے ایک غیر متوقع واقعہ میں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما دیویندر فڈنویس نے مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لے لیا۔ وہیں، شرد پوار کی قیادت والی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے اجیت پوار نے ان کے ساتھ نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ اجیت پوار این سی پی صدر شرد پوار کے بھتیجے ہیں۔

این سی پی کے رہنما شرد پوار نے جمعہ کی شام اعلان کیا تھا کہ شیوسینا-این سی پی-کانگریس کے درمیان ایک سمجھوتہ ہوا ہے کہ ادھو ٹھاکرے اگلے پانچ سال کے لئے وزیراعلیٰ ہوں‌گے، جو اتحاد کے متفقہ امیدوار تھے۔

وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد دیویندر فڈنویس نے کہا کہ عوام نے ہمیں واضح مینڈیٹ دیا تھا، شیوسینا نے مینڈیٹ کی توہین کیا ہے۔ مہاراشٹر کی عوام   کو مستحکم اور مستقل حکومت چاہیے، کھچڑی حکومت نہیں چاہیے۔ سی ایم فڈنویس نے کہا کہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لئے این سی پی کے ساتھ مل‌کر کام کریں‌گے۔

نائب وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے بعد اجیت پوار نے کہا، ‘ انتخابی نتیجہ آنے کے بعد سے آج تک کوئی پارٹی حکومت بنانے کی حالت میں نہیں تھی۔ کسانوں کے مدعوں کے ساتھ مہاراشٹر میں کئی مسائل تھے، اس لئے ہم نے ایک مستقل حکومت بنانے کا فیصلہ کیا۔ ‘ وہیں، وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ نے دیویندر فڈنویس اور اجت پوار کو بالترتیب : مہاراشٹر کا وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ بننے کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا، ‘ دیویندر فڈنویس اور اجیت پوار کو مہاراشٹر کے بالترتیب : وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ یہ دونوں مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لئے کام کریں‌گے۔ ‘

شاہ نے ٹوئٹ کیا، ‘ دیویندر فڈنویس جی کو مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ اور اجیت پوار جی کو ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر دلی مبارکباد۔ ‘ انہوں نے کہا، ‘ مجھے یقین ہے کہ یہ حکومت مہاراشٹر کی ترقی اور مفاد کے لئے مسلسل پابند رہے‌گی اور ریاست میں ترقی کے نئے معیار قائم کرے‌گی۔ ‘

بی جے پی کے گارگزار صدر جے پی نڈا نے بھی فڈنویس اور اجیت پوار کو مبارکباد دی۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا، ‘ میں دیویندر فڈنویس جی اور اجیت پوار جی کو مہاراشٹر کے بالترتیب : وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لئے مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ  وزیر اعظم نریندر مودی جی‌کی رہنمائی میں یہ حکومت مہاراشٹر کو نئی اونچائیوں پر لے جائے‌گی۔ ‘

غور طلب ہے کہ، پچھلی اسمبلی کی مدت کار  ختم ہونے کے بعد 12 نومبر کو مہاراشٹر میں صدر راج نافذ کیا گیا تھا۔ حالانکہ، سنیچر کی صبح پانچ بج‌کر 47 منٹ پر صدر راج ہٹائے جانے کے بعد بی جے پی-این سی پی حکومت نے ذمہ داری سنبھالی۔

وزارت داخلہ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے سنیچر کی صبح صدر راج کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کا گزٹ مرکزی ہوم سکریٹری اجئے کمار بھلا نے صبح پانچ بج‌کر 47 منٹ پر جاری کیا۔ صدر حکومت ہٹنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دیویندر فڈنویس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے اجیت پوار نے مہاراشٹر کے بالترتیب : وزیراعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔

بتا دیں کہ، اتحاد میں ریاستی اسمبلی انتخاب لڑنے والی بی جے پی اور شیوسینا نے 288 رکنی ایوان میں بالترتیب : 105 اور 56 سیٹیں جیتی تھیں لیکن شیوسینا نے بی جے پی کے ذریعے وزیراعلیٰ کا عہدہ شیئر کرنے سے انکار کرنے کے بعد اس کے ساتھ اپنے تین دہائی پرانے تعلقات ختم کر لئے۔ دوسری طرف، انتخاب سے پہلے اتحاد کرنے والی کانگریس اور این سی پی نے بالترتیب : 44 اور 54 سیٹیں جیتی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)