خبریں

مہاراشٹر: حکومت کی تشکیل کے مدعے پر کانگریس کا پارلیامنٹ ہاؤس میں مظاہرہ

یہ مظاہرہ کانگریس کی عبوری صدرسونیا گاندھی کی قیادت  میں ہوا۔ اس بیچ کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے لوک سبھا میں کہا کہ مہاراشٹر میں ’جمہوریت کا قتل ‘ ہوا ہے۔

فوٹو:اے این آئی

فوٹو:اے این آئی

نئی دہلی :مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران پر سپریم کورٹ میں شنوائی  کے دوران سوموار کو کانگریس نے پارلیامنٹ ہاؤس کیمپس   میں مظاہرہ کیا۔ یہ مظاہرہ  کانگریس کی عبوری صدر  سونیا گاندھی کی قیادت میں ہوا۔اس دوران کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما، احمد پٹیل اور ادھیر رنجن چودھری سمیت کئی رہنما ہاتھوں میں بینر لے کر مظاہرہ  کر رہے ہیں۔

ان بینروں پر ‘جمہوریت کا قتل بند کرو’ اور ‘ہارس ٹریڈنگ روکو’ جیسے سلوگن لکھے ہوئے ہیں۔اس دوران کانگریسی رہنما ‘اب کی بار، بےایمان کی سرکار’ اور ‘جمہوریت کا قتل  بند کرو’ جیسے نعرے بھی لگا رہے ہیں۔اپوزیشن  نے مہاراشٹر میں سیاسی الٹ پھیر  کا یہ مدعا پارلیامنٹ  کے دونوں ایوان میں بھی اٹھایا۔

اس بیچ لوک سبھا میں راہل گاندھی نے کہا، ‘میں آج یہاں سوال پوچھنے نہیں آیا۔ سوال پوچھنے کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ مہاراشٹر میں جمہوریت کا قتل  ہوا ہے۔ اس لئے میرے سوال پوچھنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔’اس بیچ راجیہ سبھا کی کارروائی  دوپہر دو بجے تک اور لوک سبھا کی کارروائی  دوپہر 12 بجے تک کے لیےملتوی  کر دی گئی تھی۔

غور طلب ہے  کہ مہاراشٹر میں دیویندر فڈنویس کے وزیراعلیٰ اور اجیت پوار کے نائب وزیراعلیٰ کا حلف لینے کو شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔اس سے پہلے اتوار کو ہوئی شنوائی میں سپریم کورٹ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتہ کو مہاراشٹر میں صدر راج  رد کر دیویندرفڈنویس کی سرکار بنانے کی سفارش کرنے والے گورنر کے خطوط  کو سوموار صبح عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

چھٹی کے دن خصوصی شنوائی میں جسٹس این وی رمن، جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے دیویندر فڈنویس کو وزیراعلیٰ کا حلف  دلانے کے مہاراشٹر کے گورنر کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی شیوسینا، این سی پی، کانگریس کی عرضی پر اتوار کومرکز اور مہاراشٹر حکومت  کو نوٹس جاری کئے تھے۔بنچ نے وزیراعلیٰ فڈنویس  اور نائب وزیراعلیٰ  اجیت پوار کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔