خبریں

گاندھی کا احترام کرتی ہوں، میرے کسی تبصرے سے ٹھیس لگی ہو تو معافی چاہتی ہوں: پر گیہ ٹھاکر

لوک سبھا میں ناتھورام گوڈسے کو ‘دیش بھکت’ کہنے پر ہوئے تنازعہ  کے بعد بی جے پی ایم پی  پر گیہ ٹھاکر نے کہا کہ ان کے بیان کو غلط طرح سے پیش کیا گیا۔ اس بیان پر مدھیہ پردیش کانگریس کے کارکنوں  نے ٹھاکر کے خلاف سیڈیشن  کا معاملہ درج کروایا ہے۔

پرگیہ سنگھ ٹھاکر (فوٹو : پی ٹی آئی)

پرگیہ سنگھ ٹھاکر (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی  دہلی: مدھیہ پردیش کےبھوپال سے بی جے پی ایم پی  پر گیہ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت کہنے کے اپنے بیان پرجمعہ کو پارلیامنٹ  میں معافی مانگ لی ہے۔لوک سبھا میں پر گیہ ٹھاکر نے کہا، ‘میں ایوان  میں میرے  ذریعے  کیے گئے کسی بھی تبصرے  سے کسی بھی طرح  سے کسی کو ٹھیس پہنچی ہو تو اس کے لیے معذرت کے ساتھ معافی  چاہتی  ہوں۔’

پرگیہ ٹھاکر نے کہا، ‘ایوان  میں دیے، گئے میرے بیانات  کو غلط ڈھنگ سے توڑمروڑکر پیش کیا گیا ہے، میرے بیان کا سیاق  کچھ اور تھا، جس کو غلط ڈھنگ سے اس صورت میں پیش  کر دیا گیا۔ جس طرح  سے میرے بیان کو توڑا مروڑا گیا ہے، وہ قابل مذمت  ہے۔’انہوں نے کہا، ‘میں مہاتما گاندھی کا ملک کے لیے ان کی خدمات کا احترام  کرتی ہوں۔ میں ایوان  کی  توجہ دلانا چاہتی ہوں کہ اسی ایوان  کے ایک معزز ممبر کے ذریعے  مجھے عوامی  طور پردہشت گرد  کہا گیا، میرے ساتھ اس وقت کی حکومت کی جانب سے کی گئی  سازش کے باوجود عدالت میں میرے خلاف کوئی الزام ثابت  نہیں ہوا ہے۔ بناجرم ثابت  ہوئے مجھے دہشت گرد کہنا قانون کےخلاف ہے، کوئی الزام ثابت  ہوئے بنا مجھے دہشت گرد بتانا ایک خاتون کے ناطے، ایک سنیاسی کے ناطے، ایک ایم پی  ہونے کے ناطے میری عزت پر حملہ کرکے، مجھے بے عزت  کرنے کی  کوشش ہے۔’

بی جےپی  ایم پی  کے متنازعہ بیان پر معاملہ طول پکڑنے کے بعد مرکزی حکومت  نے ان کو دفاعی امور کی کمیٹی سے ہٹا دیا تھا۔واضح  ہو کہ بدھ کو لوک سبھا میں ایس پی جی (ترمیم) بل  پر چرچہ کے دوران پر گیہ ٹھاکر نے مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسےکو پھر دیش بھکت بتایا تھا۔یہ  پہلی بار نہیں ہے جب پر گیہ ٹھاکر نے ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت بتایا ہے۔ لوک سبھا انتخابی تشہیر کے دوران ایک روڈ شو کر رہی پر گیہ ٹھاکرنے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا، ‘ناتھورام گوڈسے دیش بھکت تھے، دیش بھکت ہیں اور رہیں گے۔ گوڈسے کو دہشت گردبولنے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔’

خبررساں ایجنسی پی  ٹی آئی کے مطابق، مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو دیش بھکت بتانے کو لے کر کانگریس کارکنوں نے اندور کے کوتوالی پولس اسٹیشن میں پر گیہ ٹھاکر کے خلاف شکایت درج کرائی۔

کانگریس کارکن جمعرات کو کوتوالی پولیس اسٹیشن پہنچے اورایم پی  پر گیہ ٹھاکر کے خلاف شکایت درج کرائی۔ پولیس اسٹیشن کے انچارج بی ڈی ترپاٹھی نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے ٹھاکر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 124اے (سیڈیشن) اور 499 (ہتک عزت)کے تحت معاملہ درج کرنے کی مانگ کی۔