خبریں

نربھیا معاملہ: سپریم کورٹ ایک مجرم کی ریویو پٹیشن پر 17 دسمبر کو کرے گا شنوائی

تین ججوں کی بنچ مجرم اکشے کمار سنگھ کے ذریعے دائر عرضی پر شنوائی کرے گی۔سنگھ کے وکیل نے ریویو پٹیشن میں کہا ہے کہ ان کو ایسے وقت میں موت کی سزا دی جا رہی ہے جب بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے زندگی کم ہو رہی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نربھیا گینگ ریپ معاملے میں موت کی سزا کا سامنا کر رہے 4 مجرموں میں شامل ایک مجرم کے ذریعے دائر ریویو پٹیشن پر 17 دسمبر کو شنوائی کرے گا۔دراصل معاملے میں مجرم قرار دیے گئے اس شخص نے اپنی موت کی سزا کی تصدیق کیے جانے کے عدالت کے 2017 کےفیصلےپر از سر نو غور کرنے کی گزارش کی ہے۔

تین ججوں کی بنچ مجرم اکشے کمار سنگھ کے ذریعے دائر عرضی پر شنوائی کرے گی۔سنگھ کے وکیل نے ریویو پٹیشن میں کہا ہے کہ ان کو ایسے وقت میں موت کی سزا دی جا رہی ہے جب بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے زندگی کم ہو رہی ہے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 9 جولائی کو معاملے کے تین دیگر مجرموں – مکیش(30)،، ونئے(24) اور پون(23) کے ذریعے دائر ریویو کی عرضیوں کو خرج کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2017 کے فیصلے پر ریویو کے لیے ان لوگوں کے ذریعے کوئی بنیاد نہیں بنائی گئی ہے۔

غور طلب ہے کہ سال 2012 میں 16 دسمبر کی رات راجدھانی دہلی میں 23 سالہ پیرامیڈکل طالبہ سے ایک چلتی بس میں چھ لوگوں نے گینگ ریپ کیا تھا اور اس کو سڑک پر پھینکنے سے پہلے بری طرح سے زخمی کر دیا تھا۔ دو ہفتے بعد29 دسمبر کو سنگاپور کے ایک ہاسپٹل میں علاج کے دوران متاثرہ کی موت ہو گئی تھی۔اس واقعہ کی مخالفت میں ملک بھر میں زبردست احتجاج  ہوا تھا اور خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ریپ کے لئے سخت سزا کااہتمام کرنے کی مانگ اٹھی تھی۔ لوگوں کے غصے کے دیکھتے ہوئے حکومت نے ریپ کےخلاف نیا قانون نافذ کیا تھا۔

نربھیا کے والدین نے مجرموں کو جلد سزائے موت دینے کی مانگ کی ہے۔حالانکہ دہلی کے ایڈیشنل سیشن جج ستیش کمار اروڑہ نے نربھیا کے والدین کے ذریعے مجرموں کو سزائے موت دینے کی مانگ کرنے والی عرضی پر شنوائی 18 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔کورٹ نےکہا کہ سپریم کورٹ کے ذریعے ریویو پٹیشن پر فیصلہ لیے جانے کے بعد اس عرضی پر شنوائی ہوگی۔

اس پر نربھیا کی ماں آشا دیوی نے کہا،’جب ہم نے 7 سال لڑائی لڑی ہے تو ہم ایک اور ہفتے انتظار کر سکتے ہیں۔18 دسمبر کو ان کے(معاملے میں مجرم)خلاف ڈیتھ وارنٹ جاری کیا جائے گا۔’

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)