خبریں

معروف اداکار شری رام لاگو کا انتقال

اداکار ہونے کے علاوہ ٹرینڈ ای این ٹی سرجن شری رام لاگو نے وجئے تندولکر وجئے مہتہ  اور اروند دیش پانڈے کے ساتھ آزادی کے بعد مہاراشٹر رنگ منچ کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔

شری رام لاگو، فوٹو: ٹوئٹر

شری رام لاگو، فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی : معروف اداکاری ڈاکٹر شری رام لاگو کا ضعیفی سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے منگل کی شام کو پونے واقع ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا ۔ وہ 92 سال کے تھے۔ان کے اہل خانہ کے ذرائع نے یہ جانکاری دی۔ڈراما نگار ستیش الیکر نے بتایا کہ ، میں ان کے داماد سے بات کی ۔ ضعیفی سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے ان کا انتقال ہوا۔

شری رام لاگو کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ دیپا لاگو ہیں ۔ٹرینڈ ای این ٹی سرجن لاگو نے وجئے تندولکر ، وجئے مہتہ  اور اروند دیش پانڈے کے ساتھ آزادی کے بعد والے زمانے میں مہاراشٹر رنگ منچ کو آگے بڑھانے میں اہم رول ادا کیا ۔اپنی اداکاری کی وجہ سے شری رام لاگو ہندی کے ساتھ مراٹھی سنیما اور تھیٹر میں بھی جانا پہچانا نام تھے ۔ انہوں نے مراٹھی کے 20 سے زیادہ ڈرامے کی ہدایت کاری کی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی سماجی مدعوں کے لیے کام کیا۔

ان کے فلمی سفر میں سنگھاسن ، سامنا، پنجڑہ ، زاکول، کھچڑی ، مکتا، اور مسالہ جیسی مراٹھی کی کچھ یادگار فلمیں شامل ہیں ۔ ا س کے علاوہ لمانا نام سے وہ اپنی خودنوشت بھی لکھ چکے ہیں۔اتنا ہی نہیں مراٹھی رنگ منچ میں وہ نت سمراٹ اور ہمالیاچی ساؤلی جیسے ڈراموں کو اپنی اداکاری سے یادگار بناچکے ہیں۔

ہندی سنیما کی بات کریں تو شری رام لاگو کو ایک دن اچانک، گھروندہ ، دیوتا، دیس پردیس، مقدر کا سکندر، انکار، ساجن بن سہاگن، کنارا، لوٹ مار، سوکروڑ، جیوتی بنے جوالا، نیت، نشانہ، شریمان شریمتی، صدمہ اور لاوارث جیسی فلموں کے لیے جانا جاتا ہے۔فلم گھروندہ کے لیے ان کو 1978کا بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملاتھا۔

ہندی کی 100 سے زیادہ فلمیں کرنے والے لاگو راجیش کھنہ کے ساتھ تھوڑی سی بیوفائی، مقصد، سوتن ، نصیحت اور عوام جیسی فلموں میں نظر آچکے ہیں۔شری رام لاگومہاراشٹر کے ستارا ضلع میں بالا کرشنن چنتامن لاگواور ستیہ بھاما لاگو کے یہاں 16 نومبر 1927 کو پیدا ہوئے تھے ۔ وہ اپنے والدین کے چار بچوں میں سب سے بڑے تھے ۔

انہوں نے بھاوے ہائی اسکول اور پونے یونیورسٹی کے فگرسن کالج سے اپنی پڑھائی کی تھی ۔ اس کے بعد پونے یونیورسٹی کے بی جے میڈیکل کالج سے انہوں نے ایم بی بی ایس اور ایم ایس کی ڈگری کی حاصل کی تھی ۔1997 میں ان کو کالیداس اعزاز ملا اور 2006 میں ان کو ماسٹر دینا ناتھ منگیشکر میموریل اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ 2007 میں ان کو پونیہ بھوشن اعزا ز ملا اور سال 2010 میں ان کو سنگیت ناٹک اکادمی فیلوشپ سے نوازا گیا۔

ان کی اہلیہ دیپا لاگو بھی تھیٹر کی معروف آرٹسٹ ہیں اور ٹی وی کی اداکاوہ ہیں ۔ اپنے آنجہانی بیٹے تنویر لاگو کی یاد میں انہوں نے رنگ منچ سے جڑے آرٹسٹ کو اعزاز دینے کے لیے تنویر سمان کی شروعات  کی تھی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)