خبریں

شہریت قانون اور این آر سی پر مسلمانوں کو گمراہ کر رہے ہیں اربن نکسل اور کانگریس: پی ایم مودی

شہریت قانون کو لےکر ملک بھر میں ہو رہے احتجاج اور مظاہروں کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں کہا کہ میرے مخالف اگر مجھ سے نفرت کرتے ہیں تو مجھےنشانہ بنا لیں لیکن پبلک پراپرٹی کو آگ نہ لگائیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:  شہریت قانون کو لےکر ملک بھر میں ہو رہے احتجاج اور مظاہروں کے بیچ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن پر لوگوں میں افواہ پھیلانے کا الزام لگایا۔انڈین  ایکسپریس کے مطابق، وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘وہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں اور شہریت قانون کے خلاف ان کے جذبات کو بھڑکارہے ہیں۔ میرے مخالف اگر مجھ سے نفرت کرتے ہیں تو انہیں میرا پتلا جلانا چاہیےلیکن انہیں غریبوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ مجھےنشانہ بنا لیں لیکن پبلک پراپرٹی کو آگ نہ لگائیں۔’

انہوں نے اپوزیشن پرہندوستان کو دوسرے ملکوں میں بدنام کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ تکثیریت میں وحدت ہندوستان  کی خصوصیت ہے۔انہوں   نےکہا کہ ، بی جے پی سب کا ساتھ سب کا وکاس پر یقین کرتی ہے اور ان کی پارٹی نے کبھی بھی لوگوں کے ساتھ مذہب کی بنیاد پرتفریق نہیں کی۔ اس دوران انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ شہریت قانون پاس کرنے کے لیے وہ کھڑے ہوکر آئین کے لیے احترام کا مظاہرہ کریں۔

اس ریلی کاانعقاد1731غیر قانونی کالونیوں کے 40 لاکھ شہریوں کو مالکانہ حق دینے کے لیے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔مودی نے کہا کہ وزیر اعظم ادے یوجنا کے توسط سے لوگوں کو اپنے گھر اور اپنی زمین پر مکمل اختیار مل پایا ہے اور انہیں اطمینان ہے کہ دہلی کے 40 لاکھ لوگوں کی زندگی میں نیا سویرا لانے کا یہ موقع انہیں اور بی جےپی کو ملا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ، ‘مسائل کو لٹکا کر رکھنا ہماری فطرت نہیں ہے اور نہ ہی ہمارا سنسکار ہے۔ پی ایم ادے یوجنا دہلی کی کچی کالونیوں کے 40 لاکھ لوگوں کی زندگی میں نیا سویرا لانے والی ہے۔’مودی نے اپوزیشن کی پچھلی سرکاروں کو تنقید کا  نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ،الیکشن  آتے تھے تو تاریخیں آگے بڑھائی جاتی تھیں، بلڈوزر کا پہیہ کچھ وقت کے لیے رک جاتا تھا، لیکن مسئلہ  وہیں کا وہیں رہتا تھا۔ لوگوں کو اس پریشانی سے نجات دلانے اور اس کامستقل حل نکالنے کی ایمانداری اور نیت ان لوگوں نے کبھی نہیں دکھائی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ ،کافی کم وقت میں ٹکنالوجی کی مدد سے دہلی کی 1700 سے زیادہ کالونیوں کی باؤنڈری کو نشان زد کرنے کا کام پورا کیا جا چکا ہے۔ اتنا ہی نہیں 1200 سے زیادہ کالونیوں کے نقشے بھی پورٹل پر ڈالے جا چکے ہیں۔اپوزیشن  کانگریس اورعآپ کو نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ جن لوگوں پر آپ لوگوں نے اپنے گھروں کو ریگولر کرانے کے لیے بھروسہ کیا تھا، وہ خود کیا کر رہے تھے؟ ان لوگوں نے دہلی کے سب سے عالیشان اور سب سے مہنگے علاقوں میں دو ہزار سے زیادہ بنگلے غیر قانونی طریقے سے اپنے قریبیوں کو دے رکھے تھے۔

(خبررساں ایجنسی  بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)