خبریں

شہریت قانون: یوگی بولے جو نہیں سدھریں گے انہیں جہاں کی یاترا کرنی ہے، وہاں کی کرا دی جائے گی

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شہریت  قانون اور این آر سی کے خلاف ہوئے مظاہرہ کے دوران پبلک پراپرٹی  کے نقصان کی بھرپائی جنگی پیمانے  پر کرانے کی بات کہی۔

یوگی آدتیہ ناتھ/ فوٹو: پی ٹی آئی

یوگی آدتیہ ناتھ/ فوٹو: پی ٹی آئی

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور میں ایک پروگرام  کے دوران شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ہوئے مظاہرہ کے دوران پبلک پراپرٹی کے نقصان کی بھرپائی جنگی پیمانے  پر کرانے کی بات کہی۔یوگی  آدتیہ ناتھ جبلی انٹر کالج کیمپس میں 185 کروڑ کے 20 منصوبوں کے افتتاح ا ور سنگ بنیاد کی تقریب میں  بول رہے تھے۔پروگرام میں انہوں نے پبلک پراپرٹی  کو نقصان پہنچائے جانے پر سختی برتنے کی بات باربار کہی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں  میں ‘ہندوستان کے خلاف سازش’ کو روکنے کی بھی اپیل کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، ‘پبلک پراپرٹی کسی سرکار یا کسی شخص کی نہیں ہوتی ہے۔ اس کی حفاظت  ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہم نے دیکھا کہ کس طرح پبلک پراپرٹی کو آگ کے حوالے کیا گیا۔ ہم سب کے لیے یہ ایک وارننگ  ہے۔ ہمیں کالج، یونیورسٹی، تکنیکی اداروں  کے طلبہ طاللبات، اسکالر کو اس قانون  سے واقف کرانا ہوگا اور ان سے امید ہوگی کہ وہ  سماج کو اس سے واقف کرائیں۔’

انہوں نے کہا، ‘شہریت قانون پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان میں ظلم وزیادتی کا شکار ہوکر ہندوستان میں پناہ  لینے والے لوگوں کو شہریت دینے کا قانون ہے۔ اس کے باوجود شہریت قانون کے نام پر گمراہ کر آگ زنی، توڑ پھوڑ کرنے اور سڑک پر شرپسندی کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا۔

 اس لیے سرکار نے طے کیا کہ اگر آپ نے پبلک پراپرٹی کو ہاتھ لگایا ہے تو آپ کو ہی اس کی بھرپائی کرنی پڑےگی۔ پبلک پراپرٹی کی بھرپائی جنگی پیمانے پر شروع  ہے۔’وزیر اعلیٰ نے کہا، ‘ہم نے چہروں کوپہچاننے کا کام کیا ہے کہ سماج میں کون منفی عناصر ہیں۔ سدھریں گے تو اچھی بات ہے نہیں تو فطری طورپر جہاں کی یاترا کرنی ہے وہاں کی یاترا کرا دی جائےگی۔’

انہوں نے کہا کہ منفی ہونے سے کسی کا بھی بھلا نہیں ہوتا۔ ہماری سرکار ہر شہری  کی زندگی میں آرام اور سکون  لانے اور ملک کو دنیا کی سب سے بڑی طاقت بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ یہ ذمہ داری ہم سب کی ہونی چاہیئے۔ ہم چہرہ دیکھ کر فرق نہیں کر رہے۔ ہماری سرکار ذات، مذہب، علاقہ ،زبان ، چہرہ دیکھ کر منصوبوں  کافائدہ  نہیں دیتی۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے آگے کہا، ‘قانون کے نظریے سے سب کے ساتھ یکساں سلوک  ہو رہا ہے۔ ایسے میں ملک  میں بننے والے قانون کے نام پر پراپرٹی کو جلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ ہماری اجتماعی  ذمہ داری ہے کہ پبلک پراپرٹی کو نقصان نہ پہنچنے دیں۔’

وزیر اعلیٰ نے کہا، ‘بیچ کے  زمانے میں دیکھا گیا کہ کچھ تعلیمی اداروں  میں غیرملکی ٹکڑوں  پر پلنے والے لوگ ہندوستان  کے خلاف سازش کرتے ہیں۔ یہ ہندوستان  کی عوام کے ٹیکس پر پلتے ہیں اور ہندوستان کے خلاف نعرےبازی کرتے ہیں۔’

انہوں نے کہا، ‘بہت سارے تعلیمی اداروں  میں اس طرح کی شکایتیں آئی ہیں۔ ان اداروں  نےہندوستان مخالف مہم چلانا ہی اپنا یگ دھرم سمجھ لیا ہے۔ کوئی بھی اچھا کام ہوتا ہے، ملکی مفاد میں قانون بنتا ہے جو ہندوستان  کے پیسے پر پلنے والے، آگے بڑھنے والے سازش کرتے ہیں۔ اس کی اجازت ایسے سر پھرے لوگوں کو نہیں دینی ہوگی۔’

وزیر اعلیٰ  نے آئی ٹی آئی میں نئے ٹریڈکی ترقی کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ پوری  ریاست میں ہر گھر نل یوجنا شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورکھپور میں ہر گھر میں پائپ لائن سے گیس پہنچانے کا کام  کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں بڑی تعداد میں پلمبروں کی ضرورت  ہوگی۔ آئی ٹی آئی اور کوشل وکاس کیندروں سے پلمبرنگ کا نیا ٹریڈ لانا ہوگا۔ تربیت یافتہ نوجوانوں  کو اس کام میں روزگار کے مواقع حاصل  ہوں گے۔ ہر گھر نل یوجنا سے ہر گاؤں میں ایک پلمبر کو روزگار، نوکری کا موقع  مل سکتا ہے۔

واضح ہو کہ اتر پردیش میں شہریت قانون کو لےکر تشدد کے  مختلف معاملوں  میں اب تک21 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔گزشتہ  26 دسمبر کوپولیس کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق، 288 پولیس اہلکارزخمی  ہوئے ہیں، جن میں سے 61 گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 327 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ 1113 لوگوں کو گرفتارکیا گیا ہے جبکہ 5558 لوگوں کو احتیاطا حراست میں لیا گیا ہے۔

اس کے  علاوہ سوشل میڈیا پر بھڑکاؤ پوسٹ کے لیے 124 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب پر 19 ہزار سے زیادہ پروفائل بلاک کئے گئے۔اس سے  پہلےوزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وارننگ  دی تھی کہ پبلک پراپرٹی  کو نقصان پہنچانے والوں کو بخشا نہیں جائےگا، ان سے بدلہ لیا جائےگا۔ نقصان کی بھرپائی کی جائےگی۔

(منوج سنگھ گورکھپور نیوزلائن ویب سائٹ کے مدیر ہیں۔)