خبریں

وزیر اعظم مودی نے شروع کی مہم، کہا-سی اے اے پناہ گزینوں کو شہریت دینے کے لیے ہے

 پی ایم مودی نے شہریت قانون پر پہلی بار چپی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو میں پسند نہیں ہوں، مودی سے نفرت ہے، تو مودی کے پتلے کو جوتے مارو، مودی کا پتلا جلاؤ لیکن ملک  کے غریب کا آٹو مت جلاؤ، کسی کی پراپرٹی  مت جلاؤ۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نےشہریت قانون کی حمایت  میں سوشل میڈیا پر ایک ہیش ٹیگ کی شروعات کی ہے۔پی ایم  مودی نےاپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔انہوں نے لکھا ہے، ہیش ٹیگ انڈیا سپورٹ سی سی اے اے کیونکہ(شہریت ترمیم  قانون)استحصال  کے شکار پناہ گزینوں کوشہریت  دینے کے لیے ہے نہ کہ شہریت  سے دور کرنے کے لیے ہے۔

واضح ہو کہ بی جے پی  نے پچھلے ہفتے 22 دسمبر کو راجدھانی دہلی میں ‘آبھار ریلی’ کا انعقادکیا تھا۔ اس ریلی کو پی ایم نریندر مودی نے بھی خطاب کیا تھا۔ پی ایم مودی نے شہریت قانون پر پہلی بار چپی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو میں پسند نہیں ہوں، مودی سے نفرت ہے، تو مودی کے پتلے کو جوتے مارو، مودی کا پتلا جلاؤ لیکن ملک  کے غریب کا آٹو مت جلاؤ، کسی کی پراپرٹی  مت جلاؤ۔ سارا غصہ مودی پر نکالو۔ تشددکی طاقت پر آپ کو کیا ملے گا۔ کچھ لوگ پولیس والوں پر پتھر برسا رہے ہیں۔ پولیس والے کسی کے دشمن نہیں ہوتے۔ آزادی کے بعد 33 ہزار ہمارے پولیس بھائیوں نے نظم و نسق  کے لیے شہادت دی ہے۔ یہ اعداد کم نہیں ہوتے ہیں ۔

پی ایم مودی نے کہا تھا کہ جب ہم نے 8 کروڑ لوگوں کو اجولا یوجنا کے تحت گیس کی سہولت دی ، تو کیا ہم نے ان کا مذہب  پوچھا، ان کی ذات پوچھی، ہم نے صرف غریب کو اورغریبی کو دیکھا۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کانگریس رہنماؤں سے کہ آپ کیوں ملک  کی عوام  سے جھوٹ بول رہے ہو، کیوں انہیں بھڑکا رہے ہو۔ یہ لوگ ملک کو گمراہ کر رہے ہیں۔ آج یہ لوگ کاغذوں کے نام پر مسلمانوں کو فریب دے رہے ہیں۔ جھوٹے الزام  لگاکرہندوستان  کو دنیا میں بدنام کیا جا رہا ہے۔ یہ لوگ سازش کر رہے ہیں۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)