خبریں

ہندوستان کے زیادہ تر نوبل ایوارڈ جیتنے والے براہمن ہیں: گجرات اسمبلی اسپیکر

گجرات اسمبلی کے اسپیکر راجندر ترویدی نے کہا کہ ہندوستان کے آئین کا مسودہ بنانے والے اور اس کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو سونپنے والے بی این راؤ بھی براہمن تھے۔ اس پروگرام میں ریاست کے وزیراعلیٰ وجئے روپانی اور نائب وزیراعلیٰ نتن پٹیل بھی موجود تھے۔

فوٹو: ٹوئٹر@trajendrabjp

فوٹو: ٹوئٹر@trajendrabjp

نئی دہلی: گجرات اسمبلی کے اسپیکر راجندر ترویدی کا کہنا ہے کہ ابھیجیت بنرجی سمیت ہندوستان میں زیادہ تر نوبل ایوارڈ جیتنے والے براہمن ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ترویدی نے کہا کہ  ہندوستان کے آئین کا مسودہ بنانے والے اور اس کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو سونپنے والے بی این راؤ بھی براہمن تھے۔

 انہوں نے جمعہ  کو احمدآباد میں براہمن بزنس سمٹ میں یہ بات کہی۔  اس پروگرام میں ریاست کے وزیراعلیٰ وجئے روپانی اور نائب وزیراعلیٰ نتن پٹیل بھی موجود تھے۔اس سے پہلے سال 2018 میں اسی پروگرام  کے پہلے ورزن  میں ترویدی نے امبیڈکر  کو براہمن کہا تھا۔

انہوں نے کہا، ’60 ممالک کے آئین کا تفصیل سے مطالعہ کرنے کے بعد کیا آپ کو پتہ ہے کہ آئین  کا مسودہ کس نے تیار کیا اور اسے ڈاکٹر باباصاحب  امبیڈکر  کو کس نے سونپا؟ وہ بی این  راؤ تھے۔ بنگالی نرسنگ راؤ یعنی براہمن۔ تاریخی طور سے براہمن ہمیشہ پیچھے رہے اور انہوں نے دوسروں  کو ہمیشہ آگے رکھا۔’

ترویدی  نے کہا کہ امبیڈکر  نے آئین  کا مسودہ تیار کرنے میں راؤ کے رول کے لیے عوامی  طور پر ان کی تعریف  کی تھی۔انہوں نے کہا، ‘ہندوستان  میں آٹھ نوبل ایوارڈ جیتنے والوں  میں سے سات براہمن ہیں۔ کیا کسی کو 9ویں  نوبل ایوارڈ جیتنے والے  کا نام یاد ہے؟ ابھیجیت بنرجی کو ملا تھا۔ ابھیجیت بنرجی مطلب ایک براہمن۔’

غور طلب ہے  کہ ہند نژاد ابھیجیت بنرجی کو اپنی پارٹنر ایستھر ڈفلو کے ساتھ 2019 کا اقتصادیات  کا نوبل ایوارڈ ملا تھا۔اس دوران روپانی نے کہا کہ گجرات میں بی جے پی کی بنیاد  تین براہمنوں چمن بھائی شکلا، سوریہ کانت آچاریہ اور اشوک بھٹ نے ڈالی تھی۔

روپانی نے کہا، ‘انہوں نے گجرات میں جن سنگھ کی بنیاد بنائی۔ اس منچ پر موجود زیادہ تر  لوگ بی جے پی سے ہیں۔ براہمن کمیونٹی  نے ہمیشہ قومی مفاد میں   بات کی ہے اور اس کی وجہ سے یہ کمیونٹی  بی جے پی اور آر ایس ایس سے جڑی ہے۔’