خبریں

ملک کے حالات ٹھیک نہیں، نوجوان سڑکوں پر ہیں: سنیل گواسکر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ ہندوستان ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرہ  سے پیدا ہوئے مشکل حالات سے نکل جائےگا، جیسے ماضی  میں وہ کئی بحران سے نپٹنے میں کامیاب رہا ہے۔

فوٹو:ٹوئٹر

فوٹو:ٹوئٹر

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ملک کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔گواسکر نے سنیچر کو 26ویں لال بہادر شاستری یادگاری خطبہ کے دوران کہا، ‘ملک مشکل میں ہے۔ ہمارے کچھ نوجوان سڑکوں پر اترے ہوئے ہیں جبکہ انہیں اپنے کلاس روم میں ہونا چاہیے۔ سڑکوں پر اترنے کے لیے ان میں سے کچھ کو ہاسپٹل جانا پڑا۔’

انہوں نے کہا کہ حالانکہ ہم اس ہندوستان میں یقین رکھتے ہیں جہاں کے لوگ  اس بحرانی دور سے نکل  جائیں گے۔

گواسکر نے کہا، ‘ہندوستان ملک بھر کے احتجاج اور مظاہرہ  سے پیدا ہوئے حالات سے نکل جائےگا، جیسے ماضی میں وہ کئی بحرانی دورسے نپٹنے میں کامیاب رہا ہے۔’انہوں نے کہا، ‘ہم اپنا مستقبل بنانے اور ہندوستان کو آگے لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک ملک کے طور پر ہم تبھی آگے بڑھ سکتے ہیں جب ہم سبھی متحد ہوں، جب ہم سبھی عام ہندوستانی  ہوں گے۔ کھیل نے ہمیں یہی سکھایا ہے۔’

انہوں نے کہا، ‘ملک میں صرف تبھی اتحاد قائم رہ سکتا ہے، جب ہم خود کو سب سے پہلے ہندوستانی سمجھیں۔’گواسکر نے کہا، ‘ہم تبھی جیت حاصل کریں گے، جب ہم ایک ساتھ ہوں گے۔ ہندوستان  پہلے بھی اسی طرح کے بحرانی دور سے نکلا ہے اور اس بار اور مضبوط ہوکر نکلےگا۔’

انہوں نے پاکستان کے خلاف 1965 کی جنگ کی مثال دیتے ہوئے کہا، ‘ہمارا ذہن ایسے ہی ایک بڑے بحران  کی طرف جاتا ہے، جب 1965 میں ہمارےپڑوسیوں نے ہم پر حملہ کیا تھا اور ہم نےاس کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔’اس دوران گواسکر نے طلبا سے سڑکوں کے بجاے اپنے کلاس روم میں لوٹنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ‘میں انہیں صرف اتنا کہوں گا کہ اپنے کلاس روم میں لوٹ جائیں۔ یہ ان کا اہم فریضہ ہے۔ وہ یونیورسٹی پڑھنے گئے ہیں اس لیے برائے مہربانی پڑھیں۔’

معلوم ہو کہ پچھلے کچھ ہفتے سے ملک بھر کے طلبا سڑکوں پر ہیں۔شہریت قانون کے خلاف سب سے پہلے جامعہ ملیہ میں احتجاج دیکھنے کو ملا جبکہ جے این یو میں نقاب پوش لوگوں نے تشد کیا۔

(خبررساں ایجنسی  بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)