خبریں

پریسیڈنٹ میڈل سے سرفراز جموں و کشمیر پولیس افسر کو دہشت گردوں  کے ساتھ پکڑا گیا

ڈی ایس پی دیویندر سنگھ اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب پارلیامنٹ حملے کے مجرم افضل گرو نے سال 2013 میں ایک خط لکھ کر دعویٰ کیا تھا کہ سنگھ نے انہیں پارلیامنٹ حملے کے لیے دہلی پہنچانے اور وہاں پر رہنے کے انتظام کرنے کی بات کی تھی۔

علامتی تصویر،فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی تصویر،فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:پریسیڈنٹ میڈل سے سرفرازایک جموں وکشمیر پولیس افسر کو گزشتہ سنیچر کو دو دہشت گردوں کے ساتھ سری نگر جموں ہائی وے پر ایک گاڑی میں جاتے وقت پکڑا گیا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق، پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ دہشت گرد دہلی جا رہے تھے۔حساس سری نگر انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر تعینات ڈی ایس پی دیویندر سنگھ کو کلگام ضلع کے وانپوہ میں حزب المجاہدین کے دہشت گردنوید بابو کے ساتھ پکڑا گیا۔ بابو پرالزام  ہے کہ وہ پچھلے سال اکتوبر اور نومبر میں جنوبی کشمیر میں ٹرک ڈرائیوروں اور مزدوروں سمیت11 غیر مقامی مزدوروں کے قتل میں شامل تھا۔

پچھلے سال اگست مہینے میں مرکزی حکومت کے ذریعے جموں کشمیر کا خصوصی  درجہ ختم کرنے کے بعد یہ قتل کشمیر کے سیب کے کاروبارکو نشانہ بنانے اور کشمیر سے غیر کشمیریوں کو باہر نکالنے کے لیے کیے گئے تھے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ نوید بابو پر لگاتار نگرانی رکھ رہے تھے اور جب اس نے اپنے بھائی کو کال کیا تبھی اس کے لوکیشن کا پتہ چلا۔

پولیس نے ایک گاڑی  کو پکڑا ہے جس میں حزب المجاہدین کے دہشت گرد، جو پہلے ایک اسپیشل پولیس افسر(ایس پی او) تھا، ان کا ساتھی آصف اور ڈی ایس پی دیویندر سنگھ وانپوہ میں سفرکر رہے تھے۔ دیویندر سنگھ کو پچھلے سال 15 اگست کو پریسیڈنٹ میڈل سے سرفرازکیا گیا تھا۔

دیویندر سنگھ اور نوید بابو کی گرفتاری اور پوچھ تاچھ کے بعد، پولیس نے سری نگر اور جنوبی کشمیر میں کئی چھاپے مارے اور سنگھ اور دوسرےدہشت گردوں کے ذریعے چھپا کر رکھے گئے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔سری نگر کے بادامی باغ چھاؤنی میں دیویندر سنگھ کے گھر پر پولیس نے ایک اےکے 47 رائفل اور دو پستول برآمد کئے۔ نوید بابو کے قبول نامے کی بنیاد پر ایک اور اےکے رائفل اور ایک پستول برآمد کی گئی۔

بتا دیں کہ دیویندر سنگھ اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب پارلیامنٹ حملے کے مجرم افضل گرو نے سال 2013 میں ایک خط لکھ کر دعویٰ کیا تھا کہ سنگھ نے انہیں پارلیامنٹ حملے کے لیے دہلی پہنچانے اور وہاں پر رہنے کے انتظام کرنے کی بات کی تھی۔