خبریں

دہلی اسمبلی الیکشن: عآپ نے 70 سیٹوں پر کیا امیدوار کا اعلان، نئی دہلی سے لڑیں گے کیجریوال

عام آدمی پارٹی نے اگلے مہینے ہونے والے دہلی اسمبلی الیکشن کے لیے جاری فہرست میں 15 موجودہ ایم ایل اے کے ٹکٹ کاٹ دیے ہیں۔ 2015 میں چھ خواتین  کو ٹکٹ دینے والی عآپ  نے اس بار 8 خاتون  کو ٹکٹ دیا ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی:عام آدمی پارٹی نے اگلے مہینے ہونے والے دہلی اسمبلی الیکشن  کے لیے سبھی 70 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کی فہرست منگل کو جاری کر دی۔ فہرست میں 15 موجودہ ایم ایل اے  کے ٹکٹ کاٹ دیے گئے ہیں۔فہرست کے مطابق، پارٹی نے وزیراعلیٰ  اروند کیجریوال کو نئی دہلی سیٹ سے اور عآپ  نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کو پٹ پڑگنج سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

پارٹی رہنما  آتشی، راگھو چڈھا اور دلیپ پانڈے بھی آٹھ فروری کو ہونے والا اسمبلی الیکشن  لڑیں گے۔ ان تینوں نے 2019 کا لوک سبھا الیکشن لڑا تھا لیکن وہ ہار گئے تھے۔

سسودیا کی صلاح کار اور دہلی کی تعلیمی اصلاحات کی پالیسی ساز آتشی کالکاجی سے میدان میں ہیں جو کانگریس کے تین بار کے ایم ایل اے اور کانگریس کی دہلی  اکائی کے صدر  سبھاش چوپڑا کا انتخابی حلقہ  ہے۔ایک دیگر سینئر رہنما دلیپ پانڈے تمارپور سے الیکشن لڑیں گے، جنہوں نے پچھلے سال دہلی بی جے پی  صدر منوج تیواری اور سابق وزیراعلیٰ  شیلا دیکشت کے سامنے نارتھ ایسٹ دہلی لوک سبھا سیٹ سے الیکشن  لڑا تھا۔

اسی طرح، راگھو چڈھا جو جنوبی  دہلی سے پارٹی کے امیدوار تھے، انہیں اب راجیندر نگر سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ پارٹی کے ایک اور نوجوان  چہرے اور ترجمان سوربھ بھاردواج کو گریٹر کیلاش سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔پارٹی نے کئی سابق  کانگریس رہنماؤں  کو بھی ٹکٹ دیا ہے جو حال کے دنوں میں اس میں شامل ہوئے تھے۔ ان میں چاندنی چوک سے سابق ایم ایل اے  پرل سنگھ ساہنی، مٹیا محل سے شعیب اقبال اور بدرپور سے رام سنگھ نیتاجی شامل ہیں۔

دہلی اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل شاہدرہ سے پارٹی کے امیدوار ہیں۔ 2015 میں مسلمانوں، ایس سی اور سکھوں کی بڑی حمایت کی بنیاد  پر ریکارڈ 67 سیٹیں جیتنے والی عآپ  نے اس بار پانچ مسلم امیدواروں اور دو سکھوں کو میدان میں اتارا ہے۔

رام سنگھ نیتاجی کانگریس کے سابق ایم پی مہابل مشرا کے بیٹے ونئے کمار مشرا کے ساتھ کچھ دن پہلے ہی عآپ  میں شامل ہوئے تھے، جنہیں دوارکا سے پارٹی نے میدان میں اتارا ہے۔سسودیا نے کہا کمیٹی نے الیکشن کے لیے سبھی 70 امیدواروں کے نام منظور کئے ہیں۔ عآپ وزیراعلیٰ  نے کہا، ‘…آٹھ خواتین شامل ہیں۔ 2015 میں 6 خواتین  تھی۔’

فہرست  کے اعلان  کے بعد کیجریوال نے ٹوئٹ کیا، ‘سبھی کو مبارک باد۔ نرگیسیت کا شکار نہیں ہوں۔ خوب  محنت کریں۔ لوگوں کو ‘عآپ ’ (پارٹی) میں اور آپ میں کافی اعتماد  ہے۔ ایشور آشیرواد  دیں۔’

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)